کشتواڑ// حکمران جماعت پی ڈی پی اوربھاجپاپر فرقہ پرستی اورنفرت پھیلانے کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے ممبر اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے کہا ہے کہ امن مخالف سازشوں کوناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔پریس کے لئے جاری ریلیز کے مطابق انہوں نے کہاکہ اپنے حقیرسے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے ریاست کے صدیوں پرانے آپسی بھائی چارے کوداﺅپرلگاناانتہائی شرمناک ہے تاہم عوام کااتحاد پی ڈی پی۔بھاجپاکی ان سازشوں کوہرگزکامیاب نہیں ہونے دےگا۔بونجواہ کے ناکی پاٹشالہ، جوالپور، پتنازی علاقوں میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ پی ڈی پی اوربھاجپا ریاست کے مختلف حصوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کیلئے جدوجہدکررہی ہیں،اورانہیں عوامی فلاح وبہبود اورریاست کی تعمیروترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اُنہوں نے کہاکہ سماج کے مختلف طبقوں کومتحدکرنے کے بجائے یہ ان میں خلیج پیداکرنے کاکام کررہی ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ مرحوم مفتی محمد سعید نے اس دعوے کیساتھ بھاجپاکیساتھ ہاتھ ملایاتھاکہ وہ ریاست کے فرقہ وارانہ بھائی چارے کو تحفظ فراہم کرناچاہتے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد بھی دونوں جماعتوں کی نفرت پھیلانے اورعوام کو تقسیم کرنے والی پالیسی برقرار رہی۔سروڑی نے کہاکہ فرقہ پرست عناصرچاہے کسی بھی جماعت، مذہب یاعلاقے سے تعلق رکھتے ہوئے انہیں بے نقاب کیاجاناچاہئے۔انہوںنے بھاجپاکوملک کی فرقہ پرستانہ سیاست کی سرچشمہ قرار دےتے ہوئے کہاکہ یہ پورے ملک میں نفرت کے بیج بوتے بوتے جموں وکشمیرمیں داخل ہوئی ہے اوریہاں بھی اپنی ناپاک سرگرمیاں چلارہی ہے۔اُنہوں نے کہاکہ بھاجپاریاست میں اپناوجودکھوتی جارہی ہے اوراب نااُمیدی کے عالم سے دوچارہوتے ہوئے نفرت کے بیج بوکراپنے وجودکااحساس زندہ رکھناچاہتی ہے۔اُنہوںنے الزام عائدکیاکہ اپنے حقیرمفادات کیلئے یہ جماعت ریاست کے سیکولرتانے بانے کاشیرازہ بکھیرنے کے درپے ہے۔سروڑی نے کہاکہ نظرئےے سے محروم پی ڈی پی اندرونی خلفشارپرسے توجہ ہٹانے کیلئے تقسیمی سیاست میں اُلجھتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ان دونوں جماعتوں کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملانے اورریاست کے سیکولرشناخت کوزندہ جاویدرکھنے کی وعدہ بندہے اورنفرت اورتقسیم کی سیاست کویہاں ہرگزپنپنے نہ دے گی۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں کسی مذہب یااقلیت کوکوئی خطرہ نہیں لیکن ایساماحول پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے عوام میں یہ ناپاک پیغام پہنچایاجائے کہ یہاں کسی خاص مذہب کے ماننے والے خطرے میں ہیں یا یہاں اقلیتوں کوخطرات کاسامناہے۔اُنہوں نے کہاکہ ایسی کوششیں محض سیاسی مفادات کیلئے کی جارہی ہیں جوریاستی عوام کو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔اس موقع پر بھاجپاکے ناکی پاتشالہ سے سینئرلیڈران بشمول محمد حسین ڈوئی، محمد امین، محمد اسلم کشتواڑ نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔کانگریس کاہاتھ تھامنے والے نئے لیڈران نے اُمیدظاہرکی کہ اب ان کے علاقوں میں امن وامان اوربھائی چارے کی مضبوطی کیساتھ ساتھ تعمیروترقی کاسلسلہ تیزہوگا۔