دورۂ پونچھ میں 195کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا اِفتتاح
سمیت بھارگو+حسین محتشم
پونچھ //لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ہے کہ ہم ’’ حکمرانی سب کیلئے ‘‘ کے اَصول پر کام کر رہے ہیں نہ کہ چند ایک کے لئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ رشوت سے پاک ، منشیات سے پاک اور روزگار پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے اہم کوششیں کی جارہی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں نوکریوں کی مزید فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ سب اِنسپکٹر، فائنانشل اکاؤنٹ اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئر کی بھرتی کے امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے تمام مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔منوج سنہا نے منگل کو پونچھ کا دورہ کیا اور ضلع کی 229 پنچایتوں کی ترقی کو تیز کرنے کیلئے 195 کروڑ روپے کے متعدد پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا او رسنگ بنیاد رَکھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا “حال ہی میں، پولیس سب انسپکٹر، جونیئر انجینئر اور فنانشل اسسٹنٹ کی پوسٹوں کے بارے میں جعلی تقرریوں کی رپورٹس منظر عام پر آئی ہیں، ہم نے کیس کو مکمل جانچ کے لیے سی بی آئی کے حوالے کر دیا ہے،‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ قصورواروں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سنہا نے کہا، “اگر ملزم کسی قلعے میں چھپے ہوں گے، ہم انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے”۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں جموں و کشمیر انتظامیہ نے شفاف طریقے سے 30,000 نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کیں۔سنہا نے کہاکہ وہ دن گئے جب چور دروازے سے تقرریاں ہوتی تھیں، آج، یہاں تک کہ گاڑی بیچنے والے کی بیٹی یا بیٹے کو بھی شفاف طریقے سے نوکری ملے گی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ شفاف نظام اور زمینی طرز حکمرانی سے خوش نہیں ہیں۔ سنہا نے کہا، ’’اس سے انہیں چوٹ لگی ہے کیونکہ ان کی پالیسی ہمیشہ غریبوں کو غریب ہی رکھنا اور امیروں کی کٹی میں مزید اضافہ کرنا رہی ہے‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہائیر سکینڈری سکول میں ہاکی آسٹروٹرف اور سپورٹس سٹیڈیم میں ایک بکسنگ ہال کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے سپورٹس سٹیڈیم میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ،’’ ہمارا پختہ عزم ہے کہ سرحدی دیہاتوں میں رابطے کو مضبوط کیا جائے ‘‘۔ اُنہوں نے کہا کہ 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 14سڑک پروجیکٹوں سے خوشحالی آئے گی اور علاقے کی مجموعی ترقی میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے اعلان کیا کہ پونچھ میں جلد ہی 20 موبائل ٹاور اور ایک ٹراما سینٹر قائم کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر جانکاری دی گئی گذشتہ برس پونچھ میں کُل 1,734 منصوبے مکمل کئے گئے جو ضلع کیپکس میں مقررہ ہدف سے زیادہ تھے ۔ اِس برس ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ کے تحت ترقیاتی کاموں کے لئے ضلع کو 924 کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اور اِس برس شروع کئے گئے 1,412 پروجیکٹوں میں سے 31؍ اکتوبر تک 80 فیصد کام مکمل کیا جائے گا۔
اُنہوں نے مزید کہا،’’ نوجوان نسل کو اس کی متاثر کن کہانی سے آگاہ کرنے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے مؤثر اَقدامات کے جائیں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پونچھ ہمارا فخر ہے اور اس کو ماحولیاتی طور پر تیار کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔پی ایم ڈی پی کے تحت نوری چھمب کے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے کا بھی آج اِفتتاح کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں جموں و کشمیر میںمختلف سکیمیں نافذ کی گئی ہیں اور آج ہر قبائلی کنبے کو ان کے طویل عرصے سے آئینی حقو ق دئیے گئے ہیں۔بتایا گیا کہ پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام ( پی ایم اِی جی پی ) کے تحت پونچھ میں قبائلی نوجوانوں کے لئے ہنرمندی کی ترقی شروع کی گئی ہے اور تربیت کے دو بیچ مکمل ہوچکے ہیں ۔ حکومت قبائلی طبقے کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی سول سروسز ، جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹیو سروس اِمتحان، این اِی اِی ٹی ، جے اِی اِی اِمتحانات کے لئے کوچنگ کے اخراجات برداشت کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اعلان کیا کہ ان نوجوانوں کے لئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہوگی جو کاروباری بننے کے خواہشمند ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پونچھ میں گذشتہ برس 1,479 نوجوان لڑکوں او رلڑکیوں کو کارباری بنایا گیا ہے اور اُنہوں نے 3,500 سے زائد لوگوں کو روزگار بھی فراہم کیا ہے ۔اِس برس بھی ہم نے 1,062نوجوانوں کو کاروباری بنانے کا ہدف رکھا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ سمردھ سیما یوجنا کے 55 پروجیکٹ اور اسپریشنل بلاک کے 11 پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے پونچھ کے عوامی نمائندوں اور عوام کے مطالبا ت پر توجہ دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ مینڈھرپونچھ منی سیکرٹریٹ کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پونچھ کے مختلف علاقوں بشمول چانڈک ، مینڈھر اور لوران کی بجلی صلاحیت میں بھی اِضافہ کیا جائے گا۔