سرینگر//محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے شدید غم و غصہ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران طاقت کے نشے میں مست ہوکر نہ صرف غیر سیاسی اور غیر جمہوری بلکہ غیر اخلاقی طریقہ اختیار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فورسز نے ماردھاڑ کا بازار گرم کررکھا ہے جبکہ نہتے کشمیری جمہوری اور سیاسی انداز میں تحریکی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکمران عوام کی آواز اور تحریک کا مقابلہ سیاسی سطح پر کرنے کے بجائے دیگر ذرائع اختیار کرکے عوام کو مرعوب کرنے میں مصروف ہیں جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برصغیر کو تباہی سے بچانے اور ترقی کی راہوں پر لانے کے لئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور قابل قبول حل نکالنے کیلئے کوششیں کی جائیں۔