شہریوں کی بات سننے ،غریب ترین اشخاص تک ترقی کے ثمرات پہنچنے کویقینی بنارہے ہیں:ایل جی
جموں//لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے سول سیکرٹریٹ میں’’ ایل جی ملاقات ‘‘براہ راست عوامی شکایات سُننے کے پروگرام کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شہریوں سے بات چیت کی ۔ جے کے آئی جی آر اے ایم ایس پر موصول ہونے والی شکایات کا جائیزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے حکام کو ہدایات دیں کہ وہ شہریوں کی شکایات اور خدشات پر موثر اور تیزی سے کارروائی کریں ۔ لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ’’ یہ میرا پختہ عہد ہے کہ عام آدمی کی مجموعی فلاح و بہبود کو بڑھانے کیلئے ہر سطح پر حساس اور خیال رکھنے والی سرکاری مشینری کو یقینی بنایا جائے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کی بروقت فراہمی پر انتظامیہ کی توجہ ، شکایات کو فوری طور پر دور کرنے کیلئے شفاف اور جوابدہ نظام آج کی حکمرانی کو کل کے چیلنج کیلئے تیار کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنرنے مزید کہا ’’ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ شہریوں کی بات سُنی جائے اور غریب ترین اشخاص ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہوں اور عزت کی زندگی گذاریں ‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنرنے وکشت بھارت سنکلپ یاترا میں نوجوانوں ، خواتین ، کسانوں ، پی آر آئی اور عہدیداروں کی مثالی شرکت کی بھی ستائش کی ۔ شوپیاں کے وچی سے تعلق رکھنے والے نذیر احمد ڈار کی اپنے علاقے میں بور ویل پر کام کی تکمیل سے متعلق شکایت کا جواب دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنرنے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ یو ٹی بھر میں بور ویلوں کی بہترین کارکردگی کا جامع جائیزہ لیں تا کہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ لوگوں کو اس سلسلے میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ پرنوٹ بی رام بن کے رہنے والے بشیر احمد نامی شکایت کنندہ کی شکایت پر اپنے گاؤں کے ایک پرائمری اسکول میں تدریسی عملے کی کمی کے حوالے سے لفٹینٹ گورنر نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ اسکولوں میں اساتذہ کی معقولیت کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کریں ۔ کوکر ناگ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی روبیہ اختر نے لیفٹیننٹ گورنرکی قیادت میں یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ ان کے حق میں دیگر پسماندہ طبقے کے سرٹیفکیٹ کے اجراء کی شکایت کا جلد ازالہ کیا گیا ۔ڈوڈہ کے بیہوٹہ میں موبائل کنیکٹیویٹی سے متعلق مسئلہ پر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ نے بتایا کہ علاقے میں موبائل ٹاور کی تنصیب کیلئے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنرنے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ کنیکٹیویٹی کے بغیر علاقوں کی نشاندہی کریں اور شہریوں کو بہتر مواصلاتی خدمات کو یقینی بنائیں ۔ لیفٹیننٹ گورنرنے مزید انتظامی سیکریٹریوں ، ڈپٹی کمشنروں اور سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تکمیل کے قریب ترقیاتی منصوبوں کا جائیزہ لیں اور ان کی نگرانی کریں اور برفباری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز کے وافر ذخیرہ کو یقینی بنائیں ۔