محتشم احتشام
پونچھ//حویلی اسمبلی حلقے کے مختلف علاقوں میں حال ہی میں تعمیر و مرمت کے نام پر بچھائی گئی تارکول نے شہریوں میں شدید ناراضگی پیدا کر دی ہے۔ عوامی سطح پر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا یہ تارکول صرف ایک دن کے لیے بچھائی گئی تھی؟ کیونکہ کئی مقامات پر بچھائی گئی سڑکیں چند ہی دنوں میں اکھڑنے اور خستہ ہونے لگی ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تارکول کی بچھائی نہ صرف غیر معیاری ہے بلکہ بعض جگہوں پر تو صرف اوپری سطح پر ہلکی تہہ ڈالی گئی ہے جو معمولی بارش یا ٹریفک دباؤ برداشت نہیں کر پا رہی۔ لوگوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہ تعمیراتی کام صرف افتتاحی تصاویر کے لیے کیے جا رہے ہیں؟شہری حلقوں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایم ایل اے اعجاز احمد جان کی موجودگی میں کئی ترقیاتی کاموں کے افتتاح تو ہوئے، مگر ان میں شفافیت اور معیار کا فقدان دکھائی دے رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر سرکاری فنڈز سے کام ہو رہے ہیں تو ان کی ٹیکنیکل نگرانی اور معیار کی تصدیق بھی لازمی ہونی چاہیے۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان سڑکوں کا فوری معائنہ کریں اور غیر معیاری کام میں ملوث ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔شہریوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی کاموں کا مقصد عوامی سہولت ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی تشہیر۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر واقعی عوامی خدمت چاہتی ہے تو اسے ایسے منصوبوں کی نگرانی خود کرنی ہوگی تاکہ پونچھ کے عوام کو پائیدار اور معیاری بنیادی ڈھانچہ فراہم ہو سکے۔لوگوں نے زور دیا کہ حویلی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کا آزادانہ آڈٹ کیا جائے تاکہ اصل حقیقت سامنے آ سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔