جاوید اقبال
مینڈھر //مسلسل طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پسیاں گرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہو گئی ہے۔ حوہاں-کالابن-چرون سڑک اور دھارگلون تا بسونی-بلاکوٹ سڑک دونوں شدید متاثر ہوئیں ہیں، جس سے عوام کو روزمرہ زندگی میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حوہاں، کالابن اور چرون کو جوڑنے والی اہم سڑک پر پسی گرنے کے بعد ہزاروں کی آبادی متاثر ہوئی ہے۔ یہ سڑک علاقے کی اقتصادی اور تعلیمی سرگرمیوں کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ سڑک کی بندش کے بعد لوگوں کو کئی کلومیٹر کا پیدل سفر کرنا پڑ رہا ہے، جس میں بچے، بزرگ، خواتین اور مریض خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی رہائشی محمد اشرف نے بتایاکہ ’’ہمیں اسکول، ہسپتال اور بازار پہنچنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ فوری طور پر مداخلت کرے اور سڑک کو بحال کرے‘۔اسی طرح، ایک اور اہم سڑک دھارگلون سے بسونی اور بلاکوٹ کی طرف جانے والی پسی گرنے کے بعد مکمل بند ہو گئی ہے۔ یہ سڑک سرحدی علاقوں میں بسنے والے ہزاروں افراد کا واحد راستہ ہے۔ سڑک بند ہونے کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگوں کو نہ صرف آمدورفت میں دشواری ہو رہی ہے بلکہ انہیں بنیادی سہولیات جیسے صحت، تعلیم اور راشن کی فراہمی میں بھی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔بسونی کے ایک بزرگ شہری محمد سعید نے کہاکہ ’یہ پسماندہ اور سرحدی علاقے پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اب سڑک بند ہونے سے ہماری زندگی مزید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے‘‘۔خواتین نے بھی اپنی پریشانیوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پانی، سبزی اور دیگر ضروری اشیاء لانے میں کئی میل پیدل چلنا پڑتا ہے، جو ان کے لئے نہایت تکلیف دہ ہے۔ طالبات نے بتایا کہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے اسکول وقت پر پہنچنا ناممکن ہو گیا ہے۔عوام نے مشترکہ طور پر ضلع انتظامیہ، خاص طور پر ڈپٹی کمشنر پونچھ اور محکمہ تعمیرات عامہ (R&B) سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ افسران کو موقع پر بھیج کر پسیاں ہٹانے کا عمل شروع کیا جائے تاکہ زندگی معمول پر آ سکے۔