بلال فرقانی
سرینگر// حول سرینگرمیںسڑکوں پر پڑے گڑھوں کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے ۔لوگوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ان خستہ شدہ سڑکوں کی مرمت کی جائے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حول سے عالی مسجد کی طرف سے جانے والی سڑک پر کئی جگہوں پر گڑھے پڑگئے ہیں اور ان کی عدم مرمت کی وجہ سے گاڑیوں کی بلا خلل نقل و حرکت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی جگہوں پر لوگوں نے از خود ان گڑھوں کو پُر کیا ہے ،تاہم اس کے باوجود بھی وہ مقامی آبادی کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ اعجاز احمد بیگ نامی ایک شہری نے بتایا کہ جب متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑکوں کے ان گڑھوں کو پُر نہیں کیا گیا اورانکی مرمت نہیں کی گئی تو لوگوں نے ہل شری کرکے ان گڑھوں میں مٹی،باجری اور ریت کے علاوہ پتھروں سے بھرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ متعلقہ محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ اس خستہ حال سڑک کی مرمت کریں کیونکہ یہ ایک اہم سڑک ہے جو حول کو علی جان روڑ سے ملاتی ہے جو آگے چل کر صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ تک جاتی ہے۔ اس سڑک پر گاڑی چلانے والے ایک ڈرائیور نے کہا کہ سڑک پر پڑے گڑھوں کی وجہ سے گاڑیوں کو بھی نقصانات کا سامنا ہے اور اس کے کل پرزے بھی خراب ہوتے ہیں۔انہوں نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی فوری طور پر مرمت کی جائے۔