سرینگر//ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا نے منگلوار کو اننت ناگ کے بٹنگو علاقے میں سات امرناتھ یاتریوں کی موت کو انسانیت کی توہین قرار دیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر عاکر پٹیل نے کہا ’’ مذہبی سفر کیلئے عام لوگوں کو لینے والی گاڑی پر فائرنگ انسانی زندگی اور انسانیت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے اور اس حملے میں ملوث لوگوں کی شناخت کرنے کے بعد انہیں سخت ترین سزا دینی چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حکام کو شہریوں کی حفاظت یقینی بنانا چاہئے اور انکی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہئے اور انسانی حقوق کی پاسداری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو حملوں اور جوابی حملوں سے بچانا چاہئے جن میں مزید عام لوگوں کی جان جانے کا خطرہ ہے۔