عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی // صدر دروپدی مرمو نے منگل کو پہلگام میں سیاحوں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔اسے افسوسناک اور تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ معصوم شہریوں پر حملہ بالخصوص سیاحوں کے معاملے میں انتہائی خوفناک اور ناقابل معافی ہے۔انہوں نے اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔انہوں نے مزید کہا، “میری دلی تعزیت ان خاندانوں سے ہے جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے میری دعا ہے۔”ادھروزیر اعظم نریندر مودی، جو سعودی عرب کے دورے پر ہیں، کو اس واقعہ سے آگاہ کیا گیا ۔انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو تمام ایجنسیوں کے ساتھ فوری سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے فورا ًبعد سرینگر جانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے ایکس پر کہا”میں پہلگام، جموں و کشمیر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان لوگوں کے تئیں تعزیت جو اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں، میری دعا ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہو جائیں۔ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے”۔وزیر اعظم نے کہا ’’اس گھنانے فعل میں ملوث ہونے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہیں بخشا نہیں جائے گا، ان کا شیطانی ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور یہ مزید مضبوط ہوگا‘‘۔