الٰہی حمد سب تیرے لئے ہے
تیری ہی دین ہے ’’الحمدللہ‘‘
ثنا جو تیری ساری نعمتوں کو
کرے پورا احاطہ اس طرح سے
کہ تیری بخششوں کے ہو برابر
نوازش ہو تیری ہر حال حاصل
کرم کی بھیک مل جائے گدا کو
کہ تیرا شکر ہو
دل میں
زباں پر
تمام ان نعمتوں کا
جنہیں میں جانتا ہوں
فقط تیرے کرم سے۔۔۔!
جنہیں میں بھول جاتا ہوں
فقط اپنے گناہوں کی وجہ سے۔۔۔!
تیری تعریف ہر شے کر رہی ہے
زبانِ حال سے اور قال سے بھی
تیری تعریف ہر دم ہور ہی ہے
زمین پر، آسمانوںمیں، خُدایا
جہاں بھی اور جو کچھ ہے خُدایا
عنایت سے تری ہی بہرہ ور ہے
مہربانی تری جاری و ساری
تری سب خوبیاں تیری ہیں آقا
بلا شک تو ہی ہے معبودِ یکتا
تو باقی ، دائم و قائم ہمیشہ
میں تیرے دست قدرت میں سلامت
صدائے کُن فیکون سُن رہا ہوں
عطائے بے حد و عد اور مسلسل
ہر اک مخلوق پر ہر آن جاری
ترے جوُ دو سخا کا کیا کنارا!
میرا سب کچھ عطا تیری ہے یارب
میرے دامن میں جو کچھ ہے تیرا ہے
میرے ہونٹوں پہ تیرا نام آنا
ترا گن گان میرا کام ہونا
عقیدہ ہے یہی ایقان مولا
میرے دل میں بسا ایمان مولا
کرم تیرا بڑا احسان مولا
میرا یہ جسم ، میری جان مولا
شعورِ زندگی اور دھیان مولا
دیاتونے جسے جو دیدیا ہے
کیا تونے ہی جو پیدا کیا ہے
عطا کردے مجھے اشکِ ندامت
بڑھا دے اور یہ نالہ و گریہ
اُتر جائے جو سر سے بارِ عصیاں
یقین پیوستہ ہے غفّار تو ہے
ردائے امن دے ستّار تو ہے
ثناء و شکر کا حاصل یہی ہے
الٰہی حمد سب تیرے لئے ہے
محمد یوسف مشہورؔ
موبائل نمبر؛9906624123