بنگلور//دیہی ترقیات، پنچائتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق خان نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی ہدایات پر بنگلور کا دورہ کر کے حمایت سکیم کے تحت ریاست کے نوجوانوں کی تربیت کے لئے دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔واضح رہے وزیر نے17 جولائی کو سرینگر سے سکیم کے تحت تربیت کے لئے61 نوجوانوں کے پہلے بیچ کو روانہ کیا تھا۔وزیر نے لیکچررومز لائبریری اور لیبارٹریوں میں دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا۔ اپولو میڈ۔ سکلز کے اہلکاروں نے وزیر کو طُلباء کی تربیت کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر نے اس موقعہ پر کہا کہ دین دیال اُپادھیائے گرامین کوشلیا یوجنا کے تحت حمایت نامی سکیم کا مقصد ریاست کے بے روز گار نوجوانوں کو مختلف ہُنروں کی تربیت اور روز گار فراہم کرنا ہے۔ وزیر نے دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چند مطالبات اُبھارے جنہیں موقعہ پر ہی حل کیا گیا۔ادارے کے عملے اور تربیت کاروں نے وزیر کو بتایا کہ ریاست کے یہ طُلباء کافی ذہین اور ہُنر مند ہیں۔ وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے رواں سال کے اوائل میں یہ سکیم شروع کی تھی تا کہ بے روز گار نوجوانوں کو مختلف ہُنروں کی تربیت دی جاسکے تا کہ وہ اپنا روز گار کماسکیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ کے تحت9751 اُمید واروں کو اس کے دائرے میں لایا جائے گا۔وزیر نے کرناٹک کے اپنے ہم منصب ایچ کے پاٹل کے ہمراہ کرناٹک کے مختلف اداروں میں زیر تعلیم ریاست جموں وکشمیر کے طُلباء سے ملاقات کی۔ وزیر نے ایچ کے پاٹل کو ریاستی طُلباء کی سلامتی اور انہیں بہتر سہولیات دستیاب رکھنے پر زور دیا جس کے جوان میں پاٹل نے مطالبہ کو کسی بھی معاونت کے لئے اُن سے رابطہ کرنے کیلئے کہا۔عبدالحق خان نے طُلباء کو تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے میڈیا کے چند حلقوں کی طرف سے کشمیر کو منفی انداز میں پیش کرنے کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے میڈیا کو عوام کے مابین دوریوں کو کم کرنے میں اپنا رول ادا کرنے کی تلقین کی۔