نئی دہلی //دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق نے آج یہاں حمایت سکیم کی عمل آوری ایجنسیوں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اس سکیم کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹر
ی نرمل شرما ، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم بخشی جاوید ، ڈی ڈی یو جی کے وائی حکومت ہند کے شمالی خطے کے نمائیندے مسٹر مرتضیٰ کے علاوہ اپالو میڈسلکس لمٹیڈ ، مین پاور گروپ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ اور سوریہ وائیرس پرائیویٹ لمٹیڈ کے نمائیندے بھی موجود تھے ۔ عبدالحق نے حمایت سکیم کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے عمل آوری ایجنسیوں کے نمائیندوں سے اس سکیم کی عمل آوری کے بارے میں تفصیلات طلب کیں ۔ اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ جے کے ایس آر ایل ایم نے تین پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلورو ، رائے پور اور جموں میںتربیت کا پہلا بیچ جون 2017 کے آخر تک شروع ہو گا جس میں 9751 اُمیدواروں کو مختلف ہنروں کی تربیت دی جائے گی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ہُنر مند افراد کو تیار کرنے کیلئے ریاستی حکومت کے نقطہ نظر کو ابھارا ۔ عبدالحق نے کہا کہ حمایت ریاست جموں و کشمیر کے بیروز گار نوجوانوں کو ہنروں کی تربیت دینے کیلئے ایک ایسا پروگرام ہے جو مرکزی سرکار دین دھیال اپدھیائے گرامین کوشلیا یوجنا کے تحت عملا رہی ہے اور جس میں دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ایس آر ایل ایم کو نوجوانوں کی تربیت کا کام سونپا گیا ہے اور تین برسوں کے دوران 1601.51 کروڑ روپے کی مالی معاونت سے 1.24 لاکھ اُمیدواروں کو روز گار فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو مرکزی حکومت کی دیہی ترقی کی وزارت کا تعاون حاصل ہو گا جس سے کم سے کم وقت میں مطلوبہ نتایج حاصل کئے جا سکیں گے ۔