یو این آئی
تہران //فلسطین کے سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا، حماس نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا جس کا بدلہ لیا جائے گا۔حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اسمٰعیل ہنیہ پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات جلد سامنے لائیں گے۔سعودی میڈیا الحدث نے کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ کی تہران میں رہائش گاہ کو ایک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔رپورٹ کے مطابق اسمٰعیل ہنیہ کی رہائش گاہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 2:00 بجے کے قریب نشانہ بنایا گیا۔حماس کے سینیئر ترجمان سامی ابو زہری نے کہا ہے کہ اسمٰعیل ہنیہ کے قتل سے اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا، اور اب بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے ’کھلی جنگ‘ چھڑے گی، اور حماس اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسمٰعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان نیکہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کی موت سے متعلق رپورٹ دیکھی گئی ہیں، البتہ اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ رواں سال عیدالفطر کے موقع پر اسرائیلی بمباری کے نیتجے میں اسمٰعیل ہنیہ کے تین بیٹے جاں بحق ہو گئے تھے۔ترکی ،لنبان اور دیگر ممالک نے ا اسماعیل ہنیہ کے قتل پر سخت احتجاج کیا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین ہنیہ کے قتل پر گہری تشویش ہے اور وہ اس قتل کی سختی سے مخالفت اور مذمت کرتا ہے ۔
اسرائیل نے فضائی حدود بند کردی
یو این آئی
تل ابیب // اسرائیل نے دارالحکومت تل ابیب کے قریب واقع خضرا شہر سے لے کر ملک کے شمالی علاقوں تک کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ یہ عمل درآمد 24 گھنٹے کے لیے لاگو ہوگا البتہ شاہراہوں پر آمدورفت سے متعلق کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی ۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روزبیروت پرفضائی حملے میں حزب اللہ کے اہم کمانڈر فواد شکر کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا جبکہ آج صبح حماس کے لیڈراسماعیل ہنیہ تہران میں ہوئے قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔