سرینگر// سابق وزیر سید الطاف بخاری کو پی ڈی پی سے خارج کرنے کے بعد سرینگر کے 2 زونل صدور اور حبہ کدل حلقہ انتخاب کے انچارج مستعفی ہوگئے ہیں۔حبہ کدل حلقہ انتخاب سے پارٹی کے انچارج مدثر امین لون نے اتوار کو پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ مدثر امین لون نے اپنے استعفیٰ نامہ میں لکھا’’ جموں کشمیر کے لوگوں نے گزشتہ انتخابات کے دوران پی ڈی پی کو مرحوم مفتی محمد سعید کی لیڈرشپ میںبڑی امید کے ساتھ ووٹ دیئے تھے،تاہم مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعد پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت کی کارکردگی خراب رہی‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ ریاستی عوام کو نہ صرف سماجی اور اقتصادی طور پر نقصان ہوا بلکہ جس مقصد کیلئے پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ان اصولوں سے انحراف بھی کیا گیا‘‘۔پارٹی کے امیراکدل حلقے کے زونل صدر محمد اشرف ڈار نے بھی اتوار کو پارٹی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ محمد اشرف ڈار نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا’’اہانت آمیز سیاسی صورتحال کے نتیجے میں بالخصوص پی ڈی پی لیڈرشپ کی طرف سے پارٹی کے امورات چلائے جانے سے،یہ میرے لئے واضح ہوگیا ہے کہ میں ان حالات میں پارٹی کی ذمہ داریاں نہیں نبھا سکتا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ پارٹی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہوتے ہیں۔ اس دوران حبہ کدل کے زونل صدر جیلانی کمار نے بھی پارٹی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ۔جیلانی کمار نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر بالخصوص پارٹی کے امورات چلائے جانے کی صورتحال کی روشنی میں وہ پی ڈی پی کی بنیادی ممبر شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔