جموں//حلقہ انتخاب بانہال کو نظر انداز کئے جانے پر ایوان زیر یں میں رکن اسمبلی وقار رسول نے حکومت پر سیاسی انتقام گیری کا الزام لگایا ۔ دیگر پارٹی ممبران کے ہمراہ انتظامی اکائیوں کو فعال نہ بنانے کے لئے سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی نمائندگی والے حلقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ایوان کو مطلع کیا کہ بانہال قصبے کے لئے 8.85کرروڑروپے سے تعمیر کی جانے والی سٹارم ڈرنیج سکیم پر کام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ محکمہ مکانات و شہر ی ترقی نے بانہال حلقہ انتخاب میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھائے ہیں اور آئی ڈی ایم ٹی سکیم کے تحت بانہال کے میونسپل علاقوں میں گلی کوچوں اور نالیوں کی تجدید و مرمت کے علاوہ 172 بیت الخلا ئوں کی تعمیر کے لئے 46لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں۔وقار رسول کی جانب سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اربن سیکٹر کے تحت بانہا ل حلقہ انتخاب کے لئے 8.93کروڑ روپے کی مالیت کے مختلف ترقیاتی کام منظور کئے گئے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال قصبہ میں میونسپل کمیٹی کے لئے نئی عمارت تعمیر کی تجویز زیر غور ہے جس کے لئے بس سٹینڈ پر زمین کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔اس پروجیکٹ کے تحت شاپنگ کمپلیکس اور دیگر بنیادی سہولیات قائم کی جارہی ہے ۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو مطلع کیا کہ سال 2015-16کے دوران محکمہ مکانات و شہری ترقی نے ریاست میں مختلف بنیادی سہولیات کی تعمیر کے کاموں کے لئے 126.26کرور روپے واگزار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے واگزار کی گئی رقم میں سے 140.04کروڑ روپے مختلف ترقیاتی کاموں پر صرف کئے گئے ہیں۔اسی طرح سال 2016-17ء کے دوران 132.83کروڑ روپے واگزار کئے گئے جن میں مختلف شعبوں کے تحت 111.71کروڑروپے صرف کئے گئے ۔