عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شمالی کشمیر کی بارہمولہ پارلیمانی سیٹ سے جیتنے والے آزاد امیدوار انجینئر عبدالرشید نے پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے حلف لینے کیلئے عبوری ضمانت کے لیے دہلی کی پٹیالہ ہائوس کورٹ سے رجوع کیا ہے۔انجینئررشید لوک سبھا انتخابات میں شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے جیت کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ کو دو لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔ ایڈیشنل سیشن جج(اے ایس جے) چندر جیت سنگھ نے جمعرات کو اس معاملے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب طلب کیا۔ بار اینڈ بنچ نے اطلاع دی کہ معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو ہوگی۔انجینئرفی الحال دہلی کی تہاڑ جیل میں ہے اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک مبینہ معاملے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کے تحت الزامات کا سامنا کر رہا ہے۔ان کے وکیل وخیات اوبرائے نے بتایا کہ وہ حلف اٹھانے اور دیگر پارلیمانی کام انجام دینے کے لیے عبوری ضمانت یا حراستی پیرول کی درخواست کر رہے ہیں۔جیل میں بند رہنما اس سے قبل قانون ساز اسمبلی کے رکن تھے۔ ان کی لوک سبھا مہم کا انتظام ان کے بیٹوں ابرار اور اسرارنے کیا۔