لاہور / عمران خان نے اپنی تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان کے ترجمان فیصل جاوید خان نے کہا کہ تقریب میں خصوصی مہمانوں کے طور پر صرف 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کیا جائے گا۔تحریک انصاف نے ملک بھر سے کل 116 نشستوں پر فتح حاصل کی اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ۔ جبکہ تحریک انصاف نے انتخابات کے سرکاری نتائج کے آنے کے بعد سے جوڑ توڑ کے ذریعے حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نمبرز بھی حاصل کر لیے ہیں۔ تحریک انصاف آزاد امیدواروں، مسلم لیگ ق، بی اے پی، ایم کیو ایم اور دیگر کیساتھ مل کر وفاق میں حکومت قائم کرے گی۔ اس حوالے سے ممکنہ وزیراعظم عمران خان سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب سادگی کیساتھ منعقد کی جائے گی۔ جبکہ عمران خان نے تقریب میں شرکت کیلئے کسی غیر ملکی شخصیت کو مدعو نہیں کیا۔ تاہم تحریک انصاف کے سربراہ خواہش مند ہیں کہ تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کیا جائے ۔ عمران خان اپنی تقریب حلف برداری میں کرکٹ کے پرانے ساتھیوں کو ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔یو این آئی