حق کی لڑائی انصاف ملنے تک لڑی جائے گی

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
 سرینگر//گمشدہ عزیز و اقارب کی بازیابی کے حق میںلاپتہ افراد کے لواحقین کی تنظیم( اے پی ڈی پی ) نے ماہانہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کو پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا جس میں لاپتہ افراد کے لواحقین اور عزیز و اقارب نے اپنے پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ دہرایا۔ پرتاب پارک سرینگر میںمنگل کی صبح وادی کے اطراف و اکناف سے تعلق رکھنے والے درجنوں مردوزن پرتاب پارک سرینگر میں جمع ہوئے اورپروینہ آہنگر کی سر براہی والی ’’اے پی ڈی پی‘‘ کے بینر تلے اپنے عزیز و اقارب اور لخت جگروں کی بازیابی کے حق میں خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاجی مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’’ ہمیں انصاف دو، لاپتہ افراد کو بازیاب کرو کے نعرے درج تھے ،جبکہ بیشتر پلے کارڈوں اور بینروں پر ان نوجوانوں کی تصویریں چسپاں تھیں جو گزشتہ 2 دہا ئیوںکے دوران فورسز کے ذریعے ’’دوران حراست‘‘ لاپتہ کرد ئے گئے ہیں۔اس موقع پر گمشدہ افراد کے اقرباء نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں جبری طور لاپتہ کئے گئے افراد کی بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔چنانچہ اس دوران وہاں اسوقت رقعت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جب اپنے لخت جگروں کی باز یابی کرنے کا مطالبہ کر رہی کئی خواتین کی آنکھیں نم ہوئیں اور معصوم بچوں کے چہرے اداسی اور بے بسی کی تصویر پیش کر رہے تھے۔اس موقع پر اے پی ڈی پی کی سربراہ پروینہ آہنگر نے بتایا ’’ وادی میں بڑی مشکل سے نوجوانوں کی گمشدگی کا سلسلہ بند ہوگیا تھا ،لیکن گذشتہ ماہ دیور لولاب سے ایک شخض غائب ہو گیا اور اس طرح یہ سلسلہ از سرنو شروع ہوگیا ہے جو تشویش ناک ہی نہیں بلکہ قابل مذمت بھی ہے ۔‘‘انہوں نے ریاستی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے بالوں کی چوٹیاں کاٹے جانے کی وارداتیں بڑی تیزی سے بڑ رہی ہیں جس کے باعث عورتوں کا گھر سے نکلنا دشوار ہوگیا ہے اور ریاستی سرکار اس سلسلے میں خاموش تماشاہی بنی ہوئی ہے ۔پرینہ آہنگر نے کہا کہ وہ حق کی لڑائی لڑ رہی ہیں جو تب تک جاری رہے گی جب تک نہ انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے لخت جگروں کی گمشدگیوں کا معاملہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کا توجہ طلب ہے کیو نکہ آج تک کسی بھی مرکزی اور ریاستی حکومت نے گمشدہ افراد کی بازیابی یا انکا پتہ بتانے کے حوالے سے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے۔احتجاج میں شامل ایک خاتوںنے کہا کہ انتظامیہ کے بلند بانگ دعوؤں کے باوجود ابھی تک لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھائے گئے ہیں اور ان کے لواحقین ابھی بھی اپنے لخت جگروں کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *