مدثر شمیم
علم کی شمع جلانے والے پورے عالم کو علم کی روشنی سے منور کر دیتے ہیں اور یہ کام کرنے والے کو استاد کہاجاتا ہے۔ استاد کسی بھی معاشرے کی فلاح و بہبود، نئی نسل کی تعمیر و ترقی،جذبہ انسانیت کی نشو و نما اور افراد کی تربیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اْستاد کی بڑی شان اور عظمت ہے، دنیا نے چاہے استاد کی حقیقی قدر و منزلت کا احساس کیا ہو یا نہ ہو لیکن اسلام نے بہت پہلے ہی اس کی عظمت کو اجاگر کیا، اس کے مقامِ بلند سے انسانوں کو آشنا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو معلم انسانیت اور استاد کل سے پکارا گیا کیونکہ استاد حقیقی باپ سے زیادہ درجے کا حامل اور عزت و شرف میں اللہ کے سوا سبھی میں ممتاز ہوتے ہیں جنہیں قوم کا حقیقی رہنما اور نسل انسانی کا کامل پیشوا مانا جاتا ہے جس سے علم کا دریابہتا ہے، عمدہ اخلاق کی فضا ہموار ہوتی ہے، امن وامان کا سایہ فگن ہوتا ہے ، حقیقی زندگی کی تازگی اور کامیاب منزل کی نورانی نظر آتی ہے۔
اْستاد فارسی زبان کا لفظ ہے۔اس کے معنی معلم، پڑھانے والا، سکھانے والا، معمار قوم وغیرہ ہیں۔ مطلب یہ ہوا کہ یہ ضروری نہیں کہ جس نے کتابیں پڑھائی ہوں ،اسی کو استاد کہتے ہیں بلکہ کسی بھی قسم کا ہنر سکھانے والے سیکھنے والے کا اْستاد ہوتا ہے۔سماجی بہتری کرنے والے یا قوم کو درست باتیں بتانے والے یا کسی قسم کا ہْنر سکھانے والے کو بھی اْستادکہا جاتا ہے۔
یاد رکھیں اْستاد کا درجہ بہت بلند ہوتا ہے۔ یہ باپ کا درجہ رکھتا ہے۔ لفظ اْستاد خاص طور سے پڑھانے والے کیلئے مشتمل ہوتا ہے۔ اس لئے ایک اچھے استاد کو سنجیدہ، با اخلاق، پْر خلوص، دیانتدار اور صاحب علم ہونا بہت ضروری ہے۔قارئین! اب ہم آپ کی خدمت میںملت اسلامیہ کی قابل قدر، قدآور شخصیات کا ذکر کر دیتے ہیں جنہوں نے اپنے اساتذہ کے ادب و احترام کی درخشندہ مثالیں قائم کی ہیں جو ہمارے لئے مشعل راہ ہیں:
۱۔ حضرت علی ؓ فرماتے ہیں کہ میں اسکا غلام ہوں جس نے مجھے ایک حرف سکھایا ،اگر وہ چاہئے تو مجھے بیچ دے اور اگر چاہئے تو آزاد کر دے یا غلام رکھے۔
۲۔ ایک جگہ ارشاد فرمایا کہ بوڑھے مسلمان اور عالم حافظ قرآن ، بادشاہ عادل اور اْستاد کی عزت کرنا تعظیم خداوندی میںشامل ہے۔ اْستاد کے سامنے زیادہ بولنے کے بجائے اس کی بات کو توجہ سے سنیں، اس کے سامنے زیادہ بولنا بے ادبی ہے۔ کوئی بات سمجھ میں نہ آئے تو ادب کے ساتھ دریافت کر لیجئے۔
۳۔ حضرت حسین ؑ نے اپنے صاحبزادے کو نصیحت کی کہ استاد کی صحبت میں خود بولنے سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کرنا۔
۴۔ایک بزرگ نے فرمایا: اپنے اساتذہ کو برا نہ کہو ،ورنہ تمہارے تلامذہ تمہیں برا کہیں گے۔
۵۔ امام ربیعؒ فرماتے ہیں کہ اپنے استاد امام شافعیؒ کی نظر کے سامنے مجھ کو کبھی پانی پینے کی جرأت نہ ہوئی، امام شافعیؒ فرماتے ہیں کہ امام مالکؒ کے سامنے میں ورق بھی آہستہ اْلٹتا کرتا تھا تاکہ اس کی آواز اْن کو سنائی نہ دے۔
۶۔ امام ابو یوسفؒ ہمیشہ اساتذہ کیلئے دْعائے مغفرت کیا کرتے تھے اور فرماتے تھے کہ میں نے جب بھی کوئی نفل یا فرض نماز پڑھی تو اساتذہ کیلئے دْعا ضرور کی۔
۷۔ یوسف بن حسینؒ نے فرمایا کہ ادب سے علم سمجھ میں آتا ہے اور علم سے حکمت حاصل ہوتی ہے۔
۸۔امام غزالیؒ فرماتے ہیں کہ جس علم سے تکبر پیدا ہو وہ علم جہل سے بھی بدتر ہے۔
۹۔ اور ہارون رشید کے دربار میں جب کوئی عالم دین تشریف لاتے تو ہارون رشید اس کے استقبال کیلئے کھڑے ہو جاتے۔ اس پر ان کے درباریوں نے ان سے کہا، اے بادشاہ سلامت! اس طرح سلطنت کا رعب جاتا رہتا ہے تو ہارون رشید نے جو جواب دیا یقینا وہ آب زر سے لکھنے کے لائق ہے۔ ’’ آپ نے کہا اگر علماء دین کی تعظیم سے رعب سلطنت جاتا ہے جائے‘‘۔
حدیث میں آیا ہے ’’ اَلعلم الفوق الادب‘‘ ، یعنی ’’علم سے بہترادب ہے‘‘ لیکن یہ تب ہو سکتا ہے جب انسان نے علم حاصل کیا ہو۔ آجکل کے نوجوان لڑکے، لڑکیاں اْستاد کے سامنے اسطرح ہنستے ہیں کہ کہنے کی بات نہیں۔ کیا اْن کو ہم طالب علم کے نام سے پکاریں گے؟۔نہیں،کیونکہ اْنہوں نے اپنے آپکو عزت کا مقام نہیں دیا۔ وہ دوسروں کو کیا عزت دیں گے۔ سکندر سے کسی نے پوچھا کہ تم اپنے والد سے زیادہ اْستاد کی عزت کیوں کرتے ہو؟ اس نے جواب دیا کہ والد، تومجھے آسمان سے زمین پر لانے کی وجہ ہے لیکن میرے اْستاد نے مجھے زمین سے آسمان کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ ان تمام دلائل اور اقوال سلف سے معلوم ہوا کہ استاد کی عزت اور ان کا مقام و مرتبہ امر مسلم ہے جس کا انکار کوئی بھی فرد و بشر نہیں کر سکتا۔ لہٰذا ہم سبھی پر واجب ہے کہ ہم اپنے استاد کی عزت کریں ، ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں ،تبھی جا کر ہم ابن تیمیہ اور ابن قیم جیسے امام بن سکتے ہیں۔اللہ ہم سب کواپنے اساتذہ کا ادب و احترام اور خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جو اساتذہ دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان کی علمی خدمات کے عوض انہیں جنت میں بہترین انعام و اکرام سے نوازے (آمین)۔
رابطہ۔ سرہامہ، اننت ناگ،فون نمبر۔ 9797052494
ای میل۔[email protected]