سرینگر// حضرت میر سید محمد ہمدانیؒ (فرزند حضرت بانی اسلام کشمیرحضرت شاہ ہمدانؒ) کاعرس مبارک ریاست میں عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں ریاست کی خانقاہوںمیں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوا۔ سب سے بڑی تقریب سرینگر کے خانقاہ معلی میں منعقد ہوئی ۔نماز ظہر سے قبل جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولوی ریاض احمد ہمدانی نے حضرت میر سید محمد ہمدانیؒ کی خدمات ، علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی ۔ حضرت میر محمد ہمدانیؒ نے ریاست کے تینوں خطوں میں 110مساجد بشمول تاریخی خانقاہیں تعمیر کئے اور تبلیغ دین اسلام اور ریاست کی صنعت وحرفت کو فروغ دینے میں جو ملی اور تاریخی رول ادا کیا وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔حضرت میر سید محمد ہمدانیؒ نے 22سال تک خطہ کشمیر میں قیام کرکے تبلیغ دین اسلام کی تشہیر کی۔