سرینگر//307واں سہ روزہ عرس مبارک حضرت مولانا شیخ اکمل الدین بیگ خان بدخشیؒ حول سرینگر میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔اختتامی تقریب پر قدیم درگاہ درگاہِ اکملیہ حول میں نماز فجر کے بعد روح پرور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوئی اور ایام عرس کے دوران ختمات المعظمات، درود ازکار اور تحلیلات و قرآن خوانی کی مجالس کا انعقاد ہوا۔جس میں ریاست کے جید علماء مولانا میر محمد طیب کاملی،مولانا شوکت حسین کینگ،سیدالرحمان شمس، انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو ، میرواعظ ریاض احمد ہمدانی نے متعدد نشستوںمیں موجودہ دور میں علماء پر ذمہ داری کے موضوع پر بیان کرتے ہوئے ریاست کے اطراف و اکناف میں اولیائے کرام کی گراں قدر اسلامی خدمات و تحریر پر مبنی نوازشات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر اسلامی ہجری نئے سال داخل ہوتے ہوئے مسلمانوں کیلئے کامیابی و کامرانی کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقعہ پر انجمن حمایت الاسلام کی طرف سے جاری کردہ مطبوعات عوام میں تقسیم کی گئی۔ بقعہ عالیہ کے سجادہ نشین ڈاکٹر الحاج مقتدر کالمی نے بابرکت مجالس ختمات المعظمات اور مولود خوانی کی پیشوائی کی اور مولود خوانی کی پیشوائی الحاج میر بشارت احمد قادری نے کی۔