حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدوم ؒ کا عرس پاک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
 سرینگر//پوری ریاست میں بلند پایہ ولی کامل قطب آفتاب حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کا 455 واں سالانہ عرس مبارک نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب اُن کی درگاہ واقعہ کوہ ماران پر منعقد ہوئی جہاں رات بھر شب خوانی درود ازکار ، ختمات المعظمات کی روح پرور مجلس کا انعقاد ہوا۔ وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں عقیدت مندوں نے عرس کے دوران حاضری دی اور درود و ازکار کی محفلیں آراستہ کیں۔ کئی علماء اور مقررین نے حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدوم ؒکی تاریخ ساز اسلامی خدمات ، روحانی کمالات اور اْن کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی۔ مولوی ریاض احمد ہمدانی نے زیارت مخدوم صاحب ؒپر ایک پُروقار اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محبوب العالم ولی کامل طریقت ، شریعت ، معارفت اور روحانیت کے امام تھے۔ اُن کا دل مبارک انسانی ہمدردی کے جذبے سے لبریز تھا۔ غریبوں اور فقیروں کے ساتھ نشست وبرخاست رکھتے تھے۔ یتیموں اور کمزور کے غمخوار اور حامی تھے۔ خلوص و ایثار ، سخاوت وسر چشمی ، شفقت و محبت ، عزم وہمت ، صبر واستقلال سادگی وانکساری کے اعلیٰ نمونہ تھے اور اﷲ کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم صاحب کی درگاہ صدیوں سے اسلامی تہذیب وتمدن ، ثقافت ، علم وادب اور اﷲ کے بندوں اور آنحضور ﷺ کے امتیوں کے دلوں کے سکون رہی ہے۔ اور بے پناہ عقیدت اس درگاہ کے ساتھ رہی ہے۔ اس موقعے پر بقعہ عالیہ کے امام و خطیب الحاج پیرزادہ شبیر احمد مخدومی نے مولانا ہمدانی کی دستاربندی کی اور جمعیت کے مرکزی خزانچی الحاج فاروق احمد گانی کی بھی دستار بندی کی گئی۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمدقانونگو نے عرس مبارک کے موقع پر حضرت مخدوم صاحبؒ مسجد سالارمیں قبل از نماز ظہر ایک پرُ وقار حسب معمول تقریب پر اپنے خطبے میں حضرت شیخ مخدومؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالم و اخلاق کے ظاہر و باطن کے تمام منازل طے کرتے ہوئے وہ اہل کشمیر کے دایمی رہنما ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حضرت مخدومؒ نے ایک قابل و روحانیت سے بہرور جماعت وجود میںلائی جنہوں نے کشمیر کے اطراف و اکناف میں جاکر اس تعلیم کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک علمی و اخلاقی انقلاب برپا کیا جنہوں نے قوم کو یہ بات باور کرائی جب دین اور اخلاق سلامت ہونگے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں غلام نہیں بنا سکتی ہے۔ادھر  کاروانِ اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامینے روحانی انخلا کو پورا کرنے کی اشد ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اولیاء کاملین بشمول حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدومی رحمۃ اللہ علیہ کے مقدس تعلیمات کو سمجھنا اور سمجھانے کی اشد ضرورت ہے ذہنی پستی کے خاتمے اور ملت کی بلند اقبالی کے لئے جو کام حضرت محبوب العالم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دور میں طاغوتی اور فرقہ پرست قوتوں کا مقابلہ کر کے کیا ہے اس کی مثال تواریخ میں ملنا محال ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹھٹھرتی ہوئی سردی کے باوجود درگاہ حضرت سلطان العارفین پر ہزاروں لوگوں کی حاضری اس بات کی عکاسی کر رہی ہے کہ حضرت محبوب العالم رحمۃ اللہ علیہ کا روحانی مشن آج بھی رواں دواں ہے۔ایسی ہی تقریبات جائے پیدائش محبوب العالم تجر شریف سوپور، اہم شریف بانڈی پورہ، اول نشین گاہ مخدوم منڈل کپرن، نادی ہل بانڈی پور، اسلام آباد، بارہمولہ، کھاگ ، گاندربل اور دیگر کئی مقامات پر منعقد ہوئیںاور تبرکات کی نشاندہی بھی کی گئی۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *