سرینگر//حضرت غوث العظم دستگیر ؒ کے سالانہ عرس کی اختتامی تقریبات کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب خانقاہ غوث العظم دستگیرصاحب ؒ خانیارمیںمنعقد ہوئی جہاں ہزاروں عقیدت مندبشمول خواتین رات بھر شب خوانی میں محو رہے ۔خانقاہ میں رات بھر نعت و منقبت، درودواذکار اور ختمات المعظمات کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔ دستگیر صاحبؒ کے عرس کے سلسلہ میںخانیار کے ساتھ ساتھ سرائے بالا میں بھی عقیدتمندوں کی بڑی تعداد نے شب خوانی کی جس کے نتیجے میں علاقہ کی فضائیں رات بھر روح پرور آوازوں سے گونجتی رہیں۔جمعہ کونماز فجر کے موقعہ پر خانیارمیں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی،حضرت غوث العظم ؒ کے موئے پاک غوث العظمؒ کے دیدار سے فیضیاب ہوئے اور یہ عمل ہر نماز کے بعد دہرایا گیا۔وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے زائرین نے یہاںنماز جمعہ ادا کی اور تبرکات کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔دستگیر صاحب سرائے بالا،جناب صاحب صورہ،اور درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوا اور نماز جمعہ کے موقعہ پر ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے نماز ادا کی ۔قدیم درگاہِ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میں ایک پُر وقار تقریب پر نماز جمعہ سے قبل میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی پاک سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پر واعظ تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت اور اُن کے تاریخی اسلامی کارنامے ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اس دوران وادی کے مختلف علاقوں میںدن بھر لوگوں کی بھاری تعداد نے غوث العظم ؒ کی زیارت گاہوں پر حاضری دی ۔ عرس کی تقریبات آثارشریف پنجورہ شوپیان،خانقاہ دستگیرصاحبؒؒبارہمولہ،نادی ہل رفیع آباد،بانڈی پورہ ،کھرم سرہامہ، زچلڈارہ ہندوارہ، تجرشریف سوپور اور وادی کے دیگر کئی علاقوں کی مساجد ،خانقاہوں اور درگاہوں میں منعقد ہوئیں۔