سرینگر//خلیفہ چہارم حضرت علیؓ کے یوم ولادت با سعادت کے موقعہ پر فرزندانِ اسلام کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے طاغوتی قوتوں کے پنجہ استبداد میں جکڑی کیلئے اُن کی سیرت کو مظلوم اقوام کیلئے نجات کا راہ عمل قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ حضرت علیؓ کی عظمت اور مقام ومنزلت کا سب سے روشن پہلو پیغمبر اسلام ؐ کے توحیدی مشن کی حمایت ہے اور آپؓ کی عزیمت کا نمایاں پہلو ظلم و باطل اورطاغوتی قوتوں کے خلاف غیر متزلزل جذبۂ مزاحمت ہے ،جس کو تلاش کئے بغیر امت مسلمہ کی شان رفتہ بحال نہیں ہوسکتی۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خانقاہ معلی میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہتی دنیا تک اِن کا احسان امت مسلمہ کبھی فراموش نہیں کرسکتی ہے۔ اس سے قبل خانقاہ معلی میںنماز ظہر کے بعد ختمات المعظمات ، درود ازکار کی مجلس آراستہ ہوئی، جس کی پیشوائی امام بقعہ عالیہ غلام محمد ہمدانی نے کی۔ وادی کے تمام خانقاہوں میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد ہوا جبکہ خانقاہِ فیض پناہ ڈورو شاہ آباد، ترال، وچی، سیر ہمدان، سوپور، چرار شریف، پانپوراور کھاگ میں بھی مجالس آراستہ ہوئیں۔ انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اپنے تہنیتی پیغام میںکہا کہ آج کا دن عالم اسلام کیلئے باعث فرحت ہے کہ ان مقتدر اسلامی شخصیات نے اپنے گراں قدر خدمات سے اسلام کی تاریخ میں روشن باب ثبت کردیا۔ہم پر ذمہ داری ہے کہ ہم ان خطوط مستقیم پر گامزن ہوتے ہوئے اپنے آپ کو مستعد کرے۔