سرینگر//حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی غوث العظم پیر دستگیر صاحبؒ کے عرس مبارک کی جاری تقریبات کے سلسلے میں کل خانقاہِ معلی سرینگر میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا ۔ جہاں نمازِ ظہر سے قبل میرواظ کشمیر مولانا مولوی ریاض احمد ہمدانی نے پر وعظ و تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت اور اُن کے تاریخی اسلامی کارنامے ، روحانی اور علمی کمالات عالم اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے اور اُن کی تعلیم قرآن وحدیث پر مبنی اور ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مولانا نے کہاکہ جناب سید عبدالقادر جیلانی علم وعمل ، ایمان وآگہی اور ولایت و قطبیت میں اعلیٰ مرتبہ ومقام پر عظمت و جلات کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ،کہ پیر دستگیر صاحبؒ کے دنیا میں کروڑوں عقیدت مند موجود ہیں۔ حقیقی عقیدت کا رنگ اِسی وقت نکھر کر سامنے آئے گا جب آپؒ کے پاکیزہ اصولوں روحانی قدروں ، سنتوں کی پیروی، تقویٰ شعاری اور زہدوورع کی جملہ خوبیوں کو اپنانے کی کوشش کی جائے گی، صحیح علم وادب کو عام کیا جائے ، خدا کے آخری رسولﷺ کی محبت کو فروغ دیا جائے اور اپنے عظیم اسلاف کے قلب وجگر کے اخلاص اور للہیت سے شناسائی حاصل کی جائے۔ اُنہوں نے دعا کی ،کہ اللہ تعالیٰ اِس پیر کامل کی طفیل سے عالم اسلام کی سربلندی ، عالم انسانیت کی بقا ہو۔ نمازِ ظہر کے بعد خانقاہِ معلی میں خطمات المعظمات اور اوراد خوانی مجلس آراستہ ہوئی جس کی پیشوائی امام و خطیب حاجی امام غلام محمد ہمدانی اور خدامانِ زیارت شاہ ہمدان نے کی۔ جبکہ کے دیگر خانقاہوں میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوا۔