عاصف بٹ
کشتواڑ// ہر سال کی طرح امسال بھی ضلع کشتواڑ میں حضرت شاہ فرالدین بغدادی رحمتہ علیہ کا 347واں سالانہ عرس پاک نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ہر سال یہ عرس سات ہاڑھ مورخہ 21جون کو منایا جاتا ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند ملک کے کونے کونے سے تشریف لاتے ہیں اور یہاں منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت فرماتے ہیں۔امسال نہ صرف خطہ چناب بلکہ جموں و کشمیر کے مختلف مقامات سے لوگوں نے آکر دربار فریدیہ پر حاضری دی جبکہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔سب سے بڑی تقریب کا اہتمام شاہ فرالدین بغدادی رحمتہ علیہ کے آستان عالیہ پر ہوئی جہاں درودوازکار کی محفلوں کا اہتمام کیا گیااور زایرین کوحضرت شاہ فرالدین بغدادی ؒکے تبرکات و موئے مقدس دکھائے گئے اور شاہ فرالدین ولیؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی ۔مقررین نے بتایا کہ شاہ فرالدینؒ خطہ چناب میں بھائی چارے کی مثال مانے جاتے تھے جنھوں نے چار سوسال قبل علاقے میں آکر دین اسلام کو پھیلایا اور آج بڑی تعداد مسلمان یہاں موجود ہیں۔ جہاں گزشتہ کئی روز سے عقیدتمندوں کی بڑی تعداد زیارت کا رخ کررہی تھی اور کئی روز سے شاہ فریدالدین بغدادی ؒو شاہ اسرالدین بغدادی ؒ کی زیارت گاہوں پر درودوازکار کی محفلیں آرستہ کی جارہی تھی وہیں آج بھی نماز فجر سے درودخطمات کی مجالس منعقد ہوئیں جسکے بعد نعت خوانی و تلاوت پاک کی گئی جو نماز فجر تک جاری رہی۔ نماز کے بعد درگاہ میں دوبارہ محفلیں شروع ہوئی جو عصر تک جاری رہیں ۔ جس دوران تبرکات کی زیارت بھی کرائی گئی۔ بعد نماز مغرب درودوازکار کی مجلس منعقد ہوئی جو نماز عشا تک جاری رہی جسکےبعد لوگوں نے رات بھر شب خوانی میں گزاری اور یہ سلسلہ نماز فجر تک جاری رہا جبکہ نماز فجر کے بعد درودخطمات کی مجلس کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوئی ۔شاہ اسرالدین بغدادیؒ کے آستان عالیہ پر بھی عقیدتمندوں نے حاضری دی۔ شاہ اسرارالدینؒ کے آستان پر بھی درودخطمات کی محفلیں منعقد ہوئی ۔وقف بورڈ کی جانب سے عقیدتمندوں کیلئے کھانے پینے و قیام گاہ کا بھی اہتمام کیا گیاتھا جبکہ کنٹرول رول بھی قایم کئے گئےتھے۔ اسکے علاوہ بھی مقامی لوگوں کی طرف سے آستان پائین و آستان بالا میں کھانے پینے کا انتظام رکھا گیا تھا۔ انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں عرس پاک کے موقع پر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور جگہ جگہ پولیس و پیراملٹری فورس کی اضافی نفری تعینات کئی گئی تھی۔