سرینگر// سرینگر میں ڈل جھیل کے کنارے منگل کو آستان عالیہ حضرت سید عثمان ؒمیں حضرت سید احمد اللہ بخاری ؒکے عرس مبارک پر مقامی لوگوں نے عام لوگوں اور عقیدتمندوں کو ظہرانہ پیش کیا۔ بلیوارڈ روڑ پر واقع اس دعوت کا اہتمام مقامی لوگوں اور شکارہ بانوں نے کیا تھا۔ سیاحوں کے علاوہ راہگیر،عقیدتمند اور مقامی لوگ وزاوان کی دعوت سے لطف اندوز ہوئے جبکہ لوگوں نے اس دعوت کا اہتمام کرنے کیلئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہر سال آستان عالیہ حضرت سید عثمان ؒ میںحضرت سید احمد اللہ بخاری ؒکے عرس مبارک کے موقعہ پر وہ اس طرح کی ضیافت کا اہتمام کرتے ہیں،اور سیاحوں اور راہگیروں کو دعوت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقے کی پرانی روایت ہے۔اس موقعہ پر دعوت میں شرکت کرنے والے ایک غیر مقامی سیاح نے کہا کہ انہوں نے اس بات کا تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ڈل جھیل کے کنارے وہ وازواں سے لطف اندوز ہونگی۔انہوں نے کہا کہ اصل میں یہ ہی کشمیریت کی علامت ہے اور مقامی لوگوں کی طرف سے مہمان نوازی کی عکاسی ہے۔