حضرت سلطان العارفین ؒ کا عرس مبارک

Kashmir Uzma News Desk
9 Min Read
سرینگر//کوہ ماران کے دامن میں واقع حضرت شیخ حمزہ مخدوم صاحب ؒکے عرس مبارک کے سلسلے میں جاری تقریبات کے دوران سخت ترین ٹھنڈ کے باوجود ہزاروں عقید تمندوں نے حضرت محبوب العالم ؒ کے آستان عالیہ پر رات بھر شب خوانی کی اور درود و ازکار کی محفلیں آراستہ کیں ۔ حضرت سلطان العارفین محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ ؒکے عرس مبارک کے سلسلے میں گزشتہ 13دنوں سے ان کے آستان عالیہ پر عقیدتمندوں کا تانتا بندھا رہا اور مرد و زن ،بچے اور بوڑھے درود و ازکار میں محورہے ۔ زائرین رات بھر درودو اذکار اور ختمات المعظمات میں محو رہنے کے علاوہ اللہ کے حضورسربسجود رہے ۔ روح پرور مجالس سے کوہ ماراں کی فضائیں معطر ہوتی رہیں۔سوموار صبح زائرین کی بڑی تعداد نے کڑاکے کی ٹھنڈ کے بیچ نماز فجر ادا کی اور آستان عالیہ پر حاضری دیکر درود و ازکار کی محفلوں میں شر کت کی جبکہ دن بھر عقیدت مندوں کی کافی تعداد نے حاضری دی پنچ گانہ نمازوں کے بعد خصوصی دعائیں،ختمات المعظمات،دورود اذکار کی محفلیں بھی منعقد ہوتی رہیں جس میں رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔عرس مبارک کی مناسبت سے کئی سرکردہ علما نے بھی حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی سیرت پر روشنی ڈالیتے ہوئے کہا کہ اسلام کا پیغام گھر گھر پہنچانے میںحضرت سلطان العارفینؒ کی خدمات نا قابل فراموش ہے۔ اس سے پہلے دوران شب کئی علماء اور مقررین نے حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی ؒ کی تاریخ ساز اسلامی خدمات ، روحانی کمالات اور اُن کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔آستان عالیہ میں موجود عقیدتمندوں کی فلک شگاف آہ وزاری اور بارگاہِ خدا وندی میں انکساری سے روح پرور ماحول قائم ہوگیا اور عقیدت مند روتے بلکتے سر بسجود ہوکر خدا کی بارگاہ میں اپنے اور پوری ملت کیساتھ ساتھ ریاست کیلئے امن و آشتی اور ترقی کی دعائیں مانگتے رہے ۔عرس پاک کے سلسلے میں ایسی ہی تقاریب تجر شریف سوپور،ہم شریف بانڈی پورہ ، کپرن ، مکہامہ بانڈی پورہ ، لتر پلوامہ ، جامع پانپور ، زیارت سید میر یعقوب صاحب سونہ وار ، کھاگ بیروہ ، لارن کوکرناگ ، تولہ مولہ گاندربل اور دیگر مقامات پر بھی منعقد ہویں جہاں پر علمائے کرام نے حضرت شیخ حمزہ ؒ کی سیرت پاک پر روشنی ڈالی ۔اس دوران انتظامیہ نے زائرین کیلئے معقول انتظامات بھی کئے تھے جبکہ کئی جگہوں پر طبی کیمپوں کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا تھااور کئی جگہوں پر رضاکاروں کی طرف سے منعقدہ کیمپوں میں چائے اور مشروبات عقیدت مندوں میں تقسیم کئے جا رہے تھے۔
 

وزیر اعلیٰ کی مبارک باد 

سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو سلطان العارفین حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒ کے سالانہ عرس کے موقعہ پر مبارک باد ہے ۔مبارک بادی کے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وادی کے لوگ سماجی ، تعلیمی اور روحانی بیداری پیدا کرنے میں حضرت مخدوم صاحب ؒ  کے بے مثال رول کے لئے ان کے مرہونِ منت رہیں گے ۔محبوبہ مفتی نے عرس مبارک میں شامل ہونے والے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ سماج کی صدیوں پرانی روایات کو مستحکم کرنے کے لئے دعا کریں ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیارت گاہ پر حاضری دینے والے زائرین کے لئے ہر طرح کی سہولیات کی دستیابی کو ہر صورت میں یقینی بنائیں۔
 

صالح معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا :میرواعظ

سرینگر// متحدہ مجلس علماء کے امیر اورحریت(ع)  چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل، مصلح اور روحانی پیشوا حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم صاحبؒ  کے عرس پاک کے موقعہ پر حضرت مخدومؒ کی گراں قدر دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت موصوف کو وادی کشمیر کاایک بلند پایہ ولی کامل ،خدا رسیدہ درویش اور عظیم مصلح قرار دیا ۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت مخدوم کشمیری ؒ نے پوری زندگی اسلامیان کشمیر کی ظاہری و باطنی اصلاح، تعلیم و تربیت اور تزکیہ نفس میں صرف کرکے ہمارے وطن میںایک روحانی انقلاب برپا کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ کشمیری ؒنے اپنے مبارک دور میںاسلامی تعلیمات ، انسانیت ،شرافت ،اخلاق اور خدا دوستی اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے اور ایک صالح معاشرہ کے قیام میں کلیدی اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ میرواعظ نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت مخدوم علیہ رحمہ کی تعلیمات،سیرت، کردار و عمل اور ہدایات کو سامنے رکھ کر بزرگان دین کی خدا پرستی، انسان دوستی اور خدمت خلق کے پیغام کو عام کرنے کیلئے آج کے دن اپنے آپ کو وقف کرنے کا عزم کریں اور بزرگان دین، علماء، مشائخ اور اولیاء کرام کی اس سرزمین پر ایک بہتر فلاحی اورامداد باہمی پر مشتمل سماج کے قیام میںاپنا تعاون دیں یہی آج کے پر آشوب اور غیر معمولی حالات کے تناظر میں حضرت سلطان العارفین مخدوم حمزہ کشمیریؒ کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہوگا۔
 

تعلیمات انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ :ڈاکٹر فاروق 

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس مبارک پر ریاست کے لوگوں خصوصاً ریاست کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت سلطان العارفین ؒ کو عظیم الشان مرتبہ عطا کیا اور اُنؒ کی تعلیم جو قرآن اور حدیث پر مبنی ہے، پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہؒ روحانی کمالات ، طریقت ، شریعت اور روحانیت کے امام تھے ۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محبوب العالمؒ کا دل مبارک انسانی ہمدردی کے جذبے سے لبریز تھا۔ غریبوں اور فقیروں کے ساتھ نشست وبرخاست رکھتے تھے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے بھی عرس مبارک پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انتظامیہ سے تاکید کی کہ وہ زائرین کیلئے معقول اور مناسب ٹرانسپورٹ انتظامات میسر رکھیں۔
 

انجمن علمائے احناف کا خراج

سرینگر//انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولوی اخضر حسین نے حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم صاحبؒؒ کی گراں قدر دینی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا پیغام گھر گھر پہنچانے میںحضرت سلطان العارفینؒ کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حضرت محبوب العالم ؒ روحانی کمالات اور علم و دانش سے مالا مال تھے اور انہوں نے اپنی خدا داد نعمتیں اپنی ذات تک ہی محدودنہ رکھیں بلکہ اپنے ارادت مندوں، عقیدت مندوں اور اپنے خلفاء کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو بھی ان سے بہرہ ور فرمایا اور یہ فیوض و برکات آج تک جاری و ساری ہیں۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *