سرینگر//برصغیر اور ریاست کے طول ارض میں بلند پایہ ولی کامل حضرت خواجہ نواز غریب نواز خواجہ معین الدین چشتیؒ کا 806واں عرس عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ وادی میں سب سے بڑی تقریب تاریخی خانقاہ معلی حضرت میر سید علی ہمدانی ؒ میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ ہندوستان ، پاکستان ، بنگلہ دیش ، مالدیپ ، افغانستان ، سری لنکا اور دیگر ممالک میں اسلام کی اشاعت و پھیلاؤ میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کا تاریخ ساز اسلامی رول رہا ہے جنہوں نے بغیر کسی تلوار ، زور وجبر اسلام کا پرچار کیا ۔ نمازکے بعد ختمات المعظمات، درود ازکار کی مجالس آراستہ ہوئی۔ اس موقعے پر بقعہ عالیہ کے سرپرست اور میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے نمازِ ظہر سے قبل حضرت خواجہ اجمیری ؒکی پاک سیرت ،تاریخ ساز اسلامی خدمات اور برصغیر میں اسلام کی اشاعت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے برصغیر میں اشاعت اسلام میں اُن ؒکے رول کو سنہری اور ناقابل فراموش قرار دیا۔ امام و خطیب بقعہ عالیہ الحاج امام غلام محمد ہمدانی نے خطمات المعظمات ، دورد و ازکار اور اوراد خوانی کی مجلس کی پیشوائی کی۔خانقاہ حضرت شیخ محمد چشتیؒ زالڈگر میں بھی قرآن خوانی ، ختمات المعظمات کی مجلس آراستہ ہوئی۔