سرینگر //مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے حضرت بل شرائین پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے دستیاب وسائل کا بھر پور استعمال کرنے کی متعلقین کو ہدایت دی ہے ۔ یہ ہدایت کل انہوں نے اس پروجیکٹ کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ کے دوران دی۔ وزیر موصوفہ نے مختلف ایجنسیوں اور محکموں کے افسران کو اس پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے مقرر کئے گئے وقت کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کے دوران پروجیکٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر موصوفہ کو بتایا گیا کہ پروجیکٹ پر اس ماہ کے آخر تک کام شروع کیا جائے گا ۔ آسیہ نقاش نے خواتین کیلئے وضو خانے تعمیر کرنے کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے آستانِ عالیہ کی دیدہ زیبی کیلئے مناسب نقشِ راہ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہیں پروجیکٹ پر اب تک ہوئے کام کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ میٹنگ میں محکمہ سیاحت کے سیکرٹری ، ناظمِ پھول بانی ، جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ،منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔