عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی محکمہ جاوید احمد رانا نے کل کہا کہ حضرت بل حلقہ کے باشندگان کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے 2.26 کروڑ روپے کی واٹر سپلائی سکیم( ڈبلیو ایس ایس)گاسو کی منظوری دی گئی ہے۔اسمبلی میں رکن اسمبلی سلمان ساگر کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ تیل بل کا علاقہ اِس وقت ایک 60,000 گیلن اوور ہیڈ ٹینک (او ایچ ٹی) سے پانی حاصل کرتا ہے جو ایک ٹیوب ویل سے فراہم ہوتا ہے۔ تیل بل اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بڑھانے اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے ایک نیا او ایچ ٹی اور ایک وقف شدہ بور ویل بھی تعمیر کیا جا رہا ہے جو تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔ رانا نے مزید کہا کہ مستقبل کی طلب کو پورا کرنے کے لئے یو ٹی کیپکس کے تحت ڈبلیو ایس ایس گاسو کے نام سے ایک نیا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جس کی تخمینی لاگت 226.32 لاکھ روپے ہے اور اس کی ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔اُنہوںنے کہا کہ آبپاشی کے کنالوں کے حساس اور خطرناک مقامات کو مضبوط کرنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ آبپاشی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں۔ اِس سلسلے میں سی ایف وائی 2025-26 کے دوران ایم اینڈ آر، سی ڈِی ایف اور یوٹی کیپکس کے تحت مختلف کام شروع کئے جا رہے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ یوٹی کیپکس کے تحت ایس اِی کینال کی مضبوطی اور پینے کے پانی و آبپاشی کی سہولیات کی مزید اَپ گریڈیشن کے لئے 100 لاکھ روپے کی رقم بھی مختص کی گئی ہے۔