سرینگر//وادی میں جمعہ کو حضرت بابا داؤد خاکیؒ کا 444واں عرس مبارک عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ اِس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب اُن کے آستان عالیہ واقع کوہ ماران (زیارت حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ) پر منعقد ہوئی جہاں صبح سویرے سے ہی قرآن خوانی، دورد ازکار اور نعت ومنقبت کی روح پرور مجلس آراستہ ہوئی۔ اس سلسلے میں خانقاہِ جامع پانپور میں بھی نمازِ جمعہ سے قبل مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہا کہ حضرت بابا داؤد خاکیؒ کو اللہ نے علمی اور روحانی کمالات ایسے عطا کئے تھے کہ رہتی دنیا تک مسلمان عش عش کرتے رہیں گے۔آج ہی حضرت شیخ ناصر الدین بنگالیؒ (سہروردی) خواجہ یاربل سعدہ کدل کا عرس مبارک بھی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں اُن کے آستانوں میں روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا اور تبرکات کی نشاندہی کی گئی۔اس موقعہ پر مولانا شوکت حسین کینگ، مولوی خورشید احمد قانونگو نے قرآن اور حدیث کی روشنی میں اُنکی سیرت بیان کی۔