سرینگر//آج ریاست بھر میں خلیفہ خاص شیخ الاسلام علامہ باباداود خاکی ؒ کا عرس مبارک منایاجارہا ہے۔ اس سلسلہ میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں حضرت مخدوم صاحبؒ کی زیارت گاہ میں منعقد ہورہی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر (ایم ایل اے خانیار) نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس مبارک حضرت امام اعظم ثانی حضرت شیخ بابا داود خاکی کے سلسلے میں زائرین کیلئے مناسب اور معقول انتظامات رکھیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے تاکید کہ وہ عرس کے دوران بجلی، پینے کے صاف پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ کے سہولیات میسر رکھیں۔ادھرنجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اپنے خراج عقیدت پیغام میں کہاکہ علامہ خاکیؒ نے حضرت سلطان العارفینؒ کی گراں قدر اسلامی ، روحانی و شریعت مطہرہ کی تحریک کو کشمیر کے اطراف و اکناف میں اس طرح مضبوط کیا کہ سالوں سال سے آج تک ہم ان کی خدمات سے انہیں یاد کرتے ہیں۔