سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر اور حریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خلیفہ اول حضرت سیدنا ابو بکر صدیقؓ کے عرس پاک کے موقعہ پرانہیں اسلام اور اہل اسلام کا عظیم محسن، خیر خواہ اور مربی قرار دیا ہے ۔ میر واعظ نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق ؓ وہ عظیم المرتبت انسان اورمسلمان تھے جن کی دین اسلام، اشاعت اسلام اور دعوت اسلام کے تئیں بے لوث خدمات اور قربانیاں انتہائی بیش بہا اور ناقابل فراموش ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ خلیفہ اول حضرت صدیق اکبرؓ نے اپنا سب کچھ ،مال و متاع ، جمع پونجی ، اسلام ، پیغمبر اسلام ؐ اور تحریک اسلام کیلئے نچھاور اور قربان کردیااور وفاداری کی ایک ایسی بے نظیر مثال قائم کی جو انسانی تاریخ کی ایک منفرد اور نادر تصویر ہے اور رہتی دنیا تک عشق و وفا کی تاریخ میں بے مثال واقعہ ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ آج وطن عزیز اور عالم اسلام کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ملت اسلامیہ اُمت کے حضرت صدیقؓ کے اسوئہ اور تعلیمات کو سامنے رکھ کر انفرادی اور اجتماعی کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کرے اور ملت اسلامیہ کیخلاف مختلف محاذوں پر جو سازشیں رچائی جارہی ہیں اُن کا متحدہ طور پر ڈٹ کر مقابلہ کرے ۔اس دوران انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق ؓ کے عرس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آنجنابؓ نے اسلام کی خدمت کیلئے بے نظیر قربانیاں پیش کیں۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ موجودہ مادی دور میں حضرت صدیق اکبرؓ کے فرمودات اورسیرت پر چلنا اصل خراج عقیدت ہے۔