سرینگر//وزیر اعلیٰ کے صلاحکار پروفیسر امیتابھ مٹو کی صدارت میں حصولِ تعلیم کے اقدامات میں معقولیت لانے کیلئے تشکیل شدہ ورکنگ گروپ کی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔ میٹنگ میں ورکنگ گروپ سے جُڑے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پروفیسر مٹو نے کہا کہ ریاست میں انسانی وسائل، تحقیق کے عمل میں بہتری اور اعلیٰ تعلیم میں اختراعات کو فروغ دینے میں ورکنگ گروپ کی کافی اہمیت ہے۔ الطاف بخاری نے گروپ کے ممبران کو ٹیم کے طور کام کر کے ریاست میں تعلیمی منظر نامے کو بہتر بنانے اور اہداف کو حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ گروپ کے ممبران کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ ریاست میں تعلیمی شعبے میں بہتری لانے کیلئے یہ گروپ اہم رول ادا کرے گا ۔ انہوں نے کلسٹر یونیورسٹیوں کو تعلیم کے اعلیٰ مراکز بنانے پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ یہ گروپ 9 جون کو تشکیل دیا گیا تھا ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر کوارڈینیشن ریذیڈنٹ کمیشن نئی دہلی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔