افسروں کوغیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے چوکس رہنے کا حکم
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے کل جموںوکشمیر میں سیلاب کی تیاریوں اور ردِّعمل کا جائزہ لینے سے متعلق ایک میٹنگ کی صدارت کی۔وزیر موصوف اور وزیراعلیٰ کے مشیر نے زمینی سطح پر صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور سنگم میں واقع فلڈ مانیٹرنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور متعلقہ اَفسران کو چوکس رہنے کی تاکید کی۔اُنہوںدریائے جہلم کے پانی کی سطح کے زمینی جائزہ لینے کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ وہ حساس مقامات کی کڑی نگرانی کریں، چوبیس گھنٹے رابطے میں رہیں اور عوامی اطلاع رسانی نظام کو فعال رکھیں تاکہ بروقت اپ ڈیٹس فراہم کی جا سکیں۔صوبہ کشمیر میں سیلاب کی تیاری کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی اِنتظامیہ کشمیر کے ساتھ اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ بھی منعقدکی گئی۔ جاوید رانا نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے اور جانوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کے لئے حفاظتی و احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا۔وزیر نے یقین دِلایا کہ حکومت ہر ممکن اقدام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور خطرات کو کم کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ مناسب معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز) تیار کئے جائیں تاکہ ہر متعلقہ فرد ہنگامی صورتحال میں اَپنی ذمہ داریوں اور کردار سے مکمل واقف ہو۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے چوکس رہیں اور ہر علاقے کا تفصیلی فلڈ میپنگ تیار کیا جائے تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ آفاتِ سماوی سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے مناسب منصوبہ بندی کی جائے اور وسائل کی بروقت منتقلی یقینی بنائی جائے۔وزیر نے اعلیٰ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری پر بھی زور دیا تاکہ بروقت بچاؤ کے اقدامات کئے جا سکیں۔دورانِ میٹنگ وزیر کو متوقع صورتحال کے لئے محکمہ کی جانب سے تیار کئے گئے ہنگامی منصوبوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ ایس ڈِی آر ایف اور دیگر ٹیمیں کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ ہیں۔ میٹنگ میں محکمہ کے پاس اس کے سٹوروں میں دستیاب سیلاب سے نمٹنے والی مختلف اشیأ کے سٹاک کی پوزیشن بھی پیش کی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ چوبیس گھنٹے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں جو گیج سائٹس کی نگرانی کرتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں بروقت وارننگ جاری کی جا سکے اور ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔یہ بھی بتایا گیا کہ ڈیپو ئوںمیں راشن اور دیگر ضروری اشیأ کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔