سوئیبگ (بڈگام )//حزب المجاہدین سربراہ سید صلاح الدین کے آبائی علاقے سویہ بگ میں انتخابات کے دوران سناٹا چھایا رہا۔ قہر انگیز سنگبازی کے بیچ کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا۔علاقے میں اس وقت صورتحال قابو سے باہر ہوگئی جب صبح سویرے نوجوان گھروں سے باہر آئے اور تمام پولنگ مراکز پرشدید سنگبازی کی۔ عینی شاہدین کے مطابق کئی ایک پولنگ مراکز میں ابھی اضافی فورسز اہلکاروں کی کمک بھی نہیں پہنچی تھی جبکہ نوجوانوں نے ان پولنگ مراکز کو گھیرے میں لیتے ہوئے وہاں پر تعینات اہلکاروں کو پتھروں سے نشانہ بنایا ۔سویہ بگ میں کئی ایک پولنگ مراکز قائم کئے گئے تھے۔اس دوران فورسز نے جوابی کاروائی عمل میں لائی اور پیلٹ فائرنگ و ٹیر گیس کا استعمال کیا جس کی زد میں25افراد آکر زخمی ہوئے جبکہ6نوجوانوں کو پیلٹ لگے جنہیں جے وی سی اسپتال منتقل کیا گیا۔کشمیر عظمیٰ کی ٹیم قریب3بجے سویہ بگ پہنچ گئی تو پرائمری اسکول بونہ پورہ میں قائم پولنگ بوتھ میں1195ووٹوں میں سے کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔ ادھرہرن پولنگ مرکز میں صرف3ووٹ ڈالے گئے تھے جبکہ نوجوانوں نے اس بوتھ پر حملہ کیا اور پولنگ مشین بھی اڑا لی اور بعد میں اس کو نذر آتش کیا ۔چک سویہ بگ میں بھی ایسی ہی صورتحال تھی اور کوئی بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔لوگوں نے میڈیا نمائندوں کو دیکھتے ہی احتجاج کیا اور بتایا کہ انہوں نے علاقے میں ووٹنگ کا مکمل بائیکاٹ کیا۔