یواین آئی
بیروت//لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سید حسن نصراللہ بیروت حملے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے بھی حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا۔ جمعہ کی شام بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ میں حزب اللہ کی کمان کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی فضائی بمباری کے بعد سے نصر اللہ کے بارے میں کوئی مصدقہ خبر نہیں آئی تھی۔اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ لقمہ اجل بن گئے تھے۔ترجمان نے بتایا کہ حزب اللہ میں جنوبی محاذ کا کمانڈر علی کرکی اور دیگر کئی کمانڈر بھی نصر اللہ کے ساتھ مارے گئے تھے۔ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتسی ہیلفی نے باور کرایا کہ حسن نصر اللہ کا خاتمہ اسرائیل کو حاصل قدرت اور صلاحیت کا اختتام نہیں ہے۔ ہیلفی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا پیغام سادہ ہے جس کا مفہوم ہے کہ’جو کوئی بھی اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرہ بنے گا ہم جان لیں گے کہ اس تک کس طرح پہنچنا ہے‘۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں حسن نصر اللہ کی بیٹی زینب نصر اللہ سمیت حزب اللہ کے میزائل یونٹ کے سربراہ محمد علی اسماعیل اور ان کے نائب حسین احمد اسماعیل جاں بحق ہوگئے ہیں۔ادھر حسن نصر اللہ کی ہلاکت کے خلاف یہاں کئی حصوں میں اسرائیل مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے۔
کشمیر میں احتجاج
حکام نے بتایا کہ شہر کے حسن آباد، رعناواری،سعدکدل، میر بہری، اور عشائی باغ کے علاقوں میں سیاہ جھنڈے اٹھائے ہوئے بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ مخالف نعرے لگائے اور لبنان میں مقیم عسکریت پسند گروپ کے سرکردہ رہنما کے قتل کی مذمت کی۔احتجاج پرامن رہا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مظاہرے پرتشدد نہ ہو جائیں۔شہر کے کئی حصوں سے طویل ٹریفک جام کی اطلاع ملی، بشمول خانیار-حضرت بل جہاں زیادہ تر مظاہرے ہوئے۔ادھر بڈگام میں بھی ایک بہت بڑا احتجاجی جلوس برآمد ہوا جس میں حسن نصراللہ کی ہلاکت پر برہمی کا اظہار کیا۔اس دوران سری نگر سے لوک سبھا کے رکن آغا روح اللہ، جو نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلا رہے تھے، نے اپنی مہم معطل کر دی۔پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھی اپنی اگلے دن کی انتخابی مہم معطل کر دی۔مفتی نے X پر پوسٹ کیا’’لبنان اور غزہ کے شہداء بالخصوص حسن نصر اللہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل اپنی مہم کو منسوخ کر رہیہوں۔ ہم بے پناہ غم اور مثالی مزاحمت کی اس گھڑی میں فلسطین اور لبنان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ‘‘۔