نوئیڈا(یو پی) //مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ نامزد مذاکرات کار اس بات کا خود فیصلہ کریں گے کہ انہیں کس کیساتھ بات کرنی ہے ۔یہاں آئی ٹی بی پی کے 56 ویں یوم قیام کے موقع پر یہاں منعقد ہ تقریب کے حاشیے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا دینشور شرما حریت کانفرنس کیساتھ بھی بات چیت کریں گے، جیسا کہ ریاست کے کچھ سیاستدانوں نے تجویز دی ہے، تو راجناتھ سنگھ نے کہا’’یہ اُن(شرما) پر منحصر ہے کہ وہ کس سے بات کرنا چاہیں گے اور کس سے رابطہ کرنا چاہتے ہوں‘‘۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ وہ خود کریں گے۔واضح رہے کہ سابق انٹلی جنس بیرورو سربراہ دینشور شرما کو سوموار کے روز نئی دہلی میں جموں و کشمیر کیلئے مذاکرات کار نامزد کیا ہے۔اس موقعہ پر راجناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ دینشور شرما سب کیساتھ بات کریں گے۔تاہم وزیر داخلہ نے اس سوال کا جواب ٹال دیا کہ مذاکرات کار کی نامزدگی کر کے بھارت پاکستان کو کیا اشارہ دینا چاہتا ہے۔انکا تاہم کہنا تھا کہ جامع مذاکراتی عمل حکومت کی جانب سے شروع کیا جارہا ہے تاکہ کشمیر مسئلے کا حل ہوسکے۔