ادھمپور// بھارتیہ جنتا پارٹی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان اعلیٰ سنیل سیٹھی نے کہا کہ کشمیر کو کبھی آزادی نہیں ملے گی اور اس کا کوئی بھی حل بھارتی آئین کی حدود میں ہی ہوگا۔ ترجمان اعلیٰ کے مطابق حریت کانفرنس کے ساتھ مجوزہ مذاکرات کا ایجنڈا طے ہے اور وہ یہ ہے کہ انہیں بھارتی آئین کے اندر ہی بات کرنی ہوگی۔ سنیل سیٹھی نے پیر کویہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’حریت کے ساتھ بات چیت کرنے میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن اس کا ایجنڈا فکس ہے،حریت کو نہ ہم آزادی دے سکتے ہیں اور نہ بھارتی آئین کے باہر کوئی حل دے سکتے ہیں، کشمیر کا کوئی بھی حل بھارتی آئین کی حدود میں ہوگا، حریت کو آئین کے اندر رہنا پڑے گا‘۔ سنیل سیٹھی نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی فوج کو حاصل خصوصی اختیارات والے قانون ’آرمڈ فورسز اسپیشل پاورس ایکٹ‘ (افسپا) کو منسوخ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں تعینات سیکورٹی فورسز اپنے دفاع میں کسی کو مار بھی سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’سیکورٹی فورسز کو افسپا کے تحت تحفظ حاصل ہے، انہیں یہ تحفظ ہمیشہ حاصل رہے گا، بی جے پی بھارتی فوج کو کبھی کمزور نہیں ہونے دے گی‘۔ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بھارتی فوج پاکستان کے ایک گولے کے جواب میں دس گولے داغ رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’سرحدوں پر پاکستان کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے، ہم نے کسی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے ہیں‘۔ سنیل سیٹھی نے کہا ’کشمیر میں حالات خراب کرنے کے پیچھے پاکستان کی ایک بڑی چال ہے، پاکستان بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ ہورہا ہے،اب چین بھی اس کے ساتھ نہیں ہے، سی پیک بھی فیل ہوگیا ہے اور وہ ہندوستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتا ہے‘۔