سرینگر//متحدہ جہاد کونسل ،ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور حریت (جے کے)نے حریت لیڈڑ محمد یوسف ندیم کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔متحدہ جہاد کونسل ترجمان سید صداقت حسین نے تحریک وحدت کے سیکریٹری جنرل محمد یوسف ندیم کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ان حربوں سے دشمن اور اس کے ایجنٹوں کو کچھ حاصل نہ ہوگا ۔ترجمان نے یوسف ندیم کی بلندی¿ درجات اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن نے حریت لیڈر محمد یوسف ندیم کی ہلاکتکی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس ہلاکت میں ملوث افراد کو سزا دی جانی چاہئے۔ بار ایسو سی ایشن نے ایک بیان میں اس قتل کی تحقیقات کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیا۔ اس دوران بار نے میجر ادتیہ کے والد کی طرف سے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کرنے کے بعدکیس کی تحقیقات پر حکم امتناع پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔بار کے مطابق میجر آدتیہ کے والد کی طرف سے اس ایف آئی آر کو چلینج کرنے کا کوئی بھی جواز نہیں۔حریت( جے کے) نے بڈگام میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں حریت لیڈر محمد یوسف ندیم کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اسے قتل نا حق سے تعبیر کیا ہے ۔ حریت جے کے کنوینر شبیر احمد ڈار نے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے تاکہ مزاحمتی قائدین کو دبایا جاسکے۔