سرینگر//حریت (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی ہدایت پر حریت وفد نے چھتر گل کنگن جاکر گزشتہ دنوں فورسز کی بلا جواز فائرنگ سے زخمی اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوئے نوجوان عامر حمید لون کے والدین کے ساتھ بالخصوص اور اہل کنگن کے ساتھ بالعموم حریت قیادت کی طرف سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔وفد میں غلام نبی زکی ، عبدالرشید اونتو، غلام نبی نجار، جعفر کشمیری اور ساحل احمد وار شامل تھے ۔اس موقعہ حریت چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے عامر کے والد عبدالحمید لون کے ساتھ ٹیلیفون پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قربانیاں کشمیریوں کی رواں تحریک مزاحمت کو ہر گذرتے دن کے ساتھ نئی توانائی اور جوش و جذبے سے ہمکنار کررہی ہیں اور ان قربانیوں کو ثمر آور بنانے کیلئے قیادت اور قوم کو پوری یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرنا ہے۔اس موقعہ پر حریت وفد نے نوجوان کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک عظیم مقصد کیلئے دی جارہی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیا۔ اس دوران حریت ترجمان نے لولاب اور سوپور کے مختلف علاقوں میں سکولی طلاب کے خلاف پُر تشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم طلباء کو پر امن احتجاج کے دوران تشدد کا نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔تحریک مزاحمت نے عام شہریوں کی نہ تھمنے والی ہلاکتیں فوج کی ذہنی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔پارٹی چیئرمین بلال احمد صدیقی چھترگل کنگن میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کنگن کے عوام کے جذبہ آزادی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ہی ہمیں ان کی حفاظت کے بارے میں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور اجتماعی قربانیوں کو ذاتی مفادات کے عوض بیچنے کی روش ترک کرنی چاہئے۔وفد میں بلال احمد صدیقی کے ساتھ شیخ مصعب، محمد رفیق اورماس مومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون بھی تھے۔