عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں کشمیرپولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی آخری سانسیں لے رہی ہے او روہ وقت دور نہیں جب یہاں پوری طرح امن و امان قائم ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں حریت اور ہڑتال اب قصہ پارینہ بن گئے ہیں۔ موصوف نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ جموں وکشمیر میں حریت کا اب کوئی وجود نہیں تاہم اْس پار کشمیر میں حریت لیڈران سرگرم ہیں جو یہاں کے نوجوانوں کو اکسا نے کا کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر میں حریت اور ہڑتال قصبہ پارینہ بن گئے ہیں۔
دلباغ سنگھ کے مطابق امسال 15 اگست کو بند کے بجائے لوگوں نے جشن منایا اور ترنگا ریلی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔جموں وکشمیر کے مدرسوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہاکہ یہاں پر اکثر مدرسوں میں اچھی تعلیم دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ ایک کا اگر غلط استعمال ہو رہا ہے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے اْن پر نظر گزر رکھے ہوئے ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں مکمل امن و امان کے قیام کی خاطر زمینی سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی لگ بھگ ختم ہو چکی ہے جبکہ ضلع کشتواڑ میں اس کا کہیں پر نام ونشان باقی نہیں رہا۔اْن کے مطابق ضلع کشتواڑ میں ایک سے دو ملی ٹینٹ سرگرم ہیں اور اْنہیں بھی بہت جلد مار گرایا جائے گا۔پولیس سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی آخری سانس لے رہی ہے اور جتنے بھی سرگرم جنگجو ہیں اْنہیں بھی بہت جلد انجام تک پہنچایاجائے گا۔ پولیس سربراہ نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے یہاں کے نوجوانوں کو اکسانے کی کوششیں ہو رہی ہیں تاہم سیکورٹی ایجنسیاں اس پر بھی کام کر رہی ہیں۔جنگجو اعانت کاروں کی تعداد میں ہو رہے اضافے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ جنگجو اعانت کاروں کی موجودگی ہمیشہ رہی ہے اگر آج تعداد زیادہ ہے تو کارروائیاں بھی تیز ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کشمیر میں امن کے قیام کے لئے اپنے فرائض ڈٹ کر انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہمسایہ ملک (پاکستان) جموں وکشمیر میں امن واپس لوٹ آنے سے خوش نہیں اور وہ یہاں نوجوانوں کو منشیات کی طرف راغب کرکے ، منشیات کی خرید وفروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو ملی ٹینسی کو ہوا دینے کے لئے استعمال کرکے جنگجویت کو فروغ دینے کے لئے کوششوں میں مصروف ہے۔وادی کشمیر میں سنیما ہال دوبارہ کھولنے کے بارے میں پولیس سربراہ نے کہاکہ اتوار کے روز پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں دو سینما ہال کھولے گئے جبکہ سری نگر میں عنقریب ہی جدید قسم کا سینما کھولا جارہا ہے۔اْن کے مطابق بالی ووڈ کے ڈائریکٹرز جموں وکشمیر میں اپنی فلمیں شوٹ کرنے کے خواہاں ہیں اور وہ دن بھی دور نہیں جب جموں وکشمیر کے نوجوان از خود فلمیں شوٹ کریں گے۔