سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع پونچھ کے ساوجیان سیکٹر میں فوج نے در اندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر2ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ آپریشن کے مقام سے ایک ہلاک شدی ملی ٹینٹ کی لاش برآمد بھی کر لی گئی ہے ۔در اندازی کی مذکورہ کوشش ریاسی ضلع کے طولی علاقہ میں انکاؤنٹر کے صرف ایک دن بعد ہوئی ہے جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا لیکن وہاں موجود ایک اور مشتبہ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔دفاعی ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ضلع پونچھ کے منڈی سب سیکٹر میں 5 اور 6 ستمبر کی درمیانی شب2ملی ٹینٹوں کو لائن آف کنٹرول کو عبور کرتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے بتایا کہ درانداز وں کو روکنے کے لئے فوج اورجموں وکشمیر پولیس نے فوری طور پر مشترکہ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سخت جغرافیائی علاقہ کو دیکھتے ہوئے دراندازوں نے فوج پر بھاری فائرنگ شروع کر دی جس کا معقول جواب دیاگیا جس کے دوران مبینہ طورپر دو درانداز ہلاک ہو گئے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے ایک ہلاک شدہ درانداز کی لاش بھی برآمد کرلی ہے جبکہ دوسرے کی لاش کو برآمد کرنے کیلئے آپریشن شروع کیاگیا ہے ۔اس سے قبل لائن آف کنٹرول کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا۔حکام نے بتایا کہ یہ آپریشن ساوجیاں سیکٹر میں دن کے اوائل میں شروع کیا گیا تھا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔انہوں نے بتایا کہ فوجیوں نے مشتبہ دہشت گردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو پکڑا جو سرحد پار سے اس طرف گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔علاقے میں کمک بھیج دی گئی ہے۔