عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//پونچھ ضلع میں حالیہ سرحدی فائرنگ کے واقعات کے بعد بھارتی فوج نے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لئے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ فوج نے سرنکوٹ اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں بے گھر ہونے والے 500 سے زائد افراد کو ضروری اشیاء فراہم کیں۔فوج کے مطابق، یہ امدادی کارروائیاں متاثرہ علاقوں میں واقع عارضی پناہ گاہوں اور کمیونٹی مراکز میں پناہ گزینوں کو غذائی اجناس اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیاء فراہم کرنے کے لئے کی گئیں۔ بھارتی فوج کے افسران، جے سی اوز اور دیگر اہلکاروں نے خود میدان میں آ کر متاثرہ خاندانوں کے درمیان امداد تقسیم کی۔فوج کے اس فوری اور منظم اقدام سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملی، اور عوام نے بھارتی فوج کے اس جذبے کو سراہا۔ متاثرین نے فوج کی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا اور اس کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔بھارتی فوج نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ علاقے کے شہریوں کی حفاظت اور انسانی ہمدردی کے تحت اپنی خدمات فراہم کرتی رہے گی۔ فوج نے مزید کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور حالات میں بہتری لانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔