عظمیٰ نیوز سروس
راجوری/گلہوتی میں تعینات رومیو فورس کی راشٹریہ رائفلز بٹالین کے فوجی اہلکاروں نے جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب واقع سرحدی گاؤں کی لڑکیوں کے ساتھ رکشا بندھن کا تہوار منایا۔مقامی لوگوں کے مطابق، دہشت گردی مخالف کارروائیوں پر مامور فوجی جوانوں کے پاس سرحدی گاؤں کی بچیاں پہنچیں اور انہیں تہوار میں شامل ہونے کی درخواست کی، جسے فوجی اہلکاروں نے بخوشی قبول کیا۔روایتی رکھی تقریب میں لڑکیوں نے فوجی جوانوں کی کلائی پر مقدس دھاگہ باندھا، جو تحفظ اور بھائی چارے کی علامت ہے۔گھروں اور خاندانوں سے دور تعینات فوجی جوانوں نے مقامی عوام کی محبت اور خلوص پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سرحدوں کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔یہ تقاریب مختلف مقامات پر منعقد ہوئیں جن میں منجاکوٹ کے سوکاکس حیات پورہ، پونچھ کے سبرا گلی، مندر کے کلر موہڑا، راجوری کے گھمبیرمغلاں اور منجاکوٹ کے کنہال گلی شامل ہیں۔