راجوری //راجوری کے کیری علاقہ سے مینڈھر سے تعلق رکھنے والے ایک قلی (پورٹر)کی پراسرار طور پر گمشدگی پر پولیس نے فوج کے دو یونٹوں اور بی ایس ایف کے خلاف ایف آئی آر درج کرلیاہے ۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ محمد سفیر ولد محمد کبیر ساکن پٹھانہ تیر تحصیل مینڈھر ضلع پونچھ حد متارکہ کے قریب فوج کے ساتھ بطور قلی کام کررہاتھا جوامسال 13-14اگست سے پراسرار طور پر لاپتہ ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ قلی رتل بسالی علاقے سے لاپتہ ہواہے جہاں فوج کی دو سکھ ریجمنٹ اوربی ایس ایف کی163بٹالین تعینات ہے ۔یہ قلی فوج کی انجینئرنگ ریجمنٹ کے زیر نگرانی کام کررہاتھاجس کا ہنوز کوئی پتہ نہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ پولیس کو اس سلسلے میں چٹیار پولیس تھانہ میں اطلاع ملی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے تحقیقات شروع کی اور ابتدائی تحقیقات میں قلی کے لاپتہ ہونے سے متعلق کچھ بھی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ۔ذرائع نے پولیس تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس جگہ سے قلی لاپتہ ہواہے ،وہ تاربندی کے نزدیک اور مائن سے گری ہوئی ہے ۔ذرائع نے بھی بتایاکہ پولیس تحقیقات کے دوران فوج اور بی ایس ایف نے تعاون نہیں دیا اور پولیس نے یہ فیصلہ لیاہے کہ معاملہ فوج کے سینئر افسران کے ساتھ اٹھایاجائے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ لاپتہ قلی کے اہل خانہ نے حال ہی میں پولیس کے پاس شکایت درج کرائی جس میں فوج اور بی ایس ایف پر الزامات لگائے گئے ہیں ۔اس سلسلے میں ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے 25انفینٹری ڈیویژ ن کے تحت 2سکھ اور57انجینئرنگ ریجمنٹوں و بی ایس ایف کی 163بٹالین کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 436/2017زیر دفعات یو ایس 364, 343, 109آر پی سی کا کیس درج کرلیاہے ۔ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ایف آئی آر پولیس تھانہ راجوری اور پولیس پوسٹ چنگس چٹیار میں درج ہواہے ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بھی ایف آئی آردرج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیرعظمیٰ کوبتایاکہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کیاگیاہے اور تحقیقات ابتدائی مرحلہ میں ہے جبکہ مزید تحقیقات کی جائے گی ۔