راجوری //دو دن کی خاموشی کے بعد راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان پھر سے فائرنگ اور گولہ باری کاسلسلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجہ میں فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں ۔جمعہ کی شام پاکستانی فوج نے راجوری کے سندربنی سیکٹر میں فوج کی کئی چوکیوں کو نشانہ بنایاجس پر بھارتی فوج نے جوابی گولی باری کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق بعد میں چھمب سیکٹر کے بٹل علاقے میں بھی سرحد پار سے فائرنگ اور شلنگ شروع کی گئی۔طرفین کے مابین ہلکے اور بھاری ہتھیاروںکا استعمال کیا گیا اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے کافی دیر تک جاری رہا۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اپنی پمپل نامی پوسٹ سے بھارتی فوج کی گوگا ٹو نامی پوسٹ کو شدید گولی باری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں رائفل مین جیدراتھ سنگھ اور رائفل مین سچن کمار بری طرح سے زخمی ہوئے۔دونوں کو فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا ، تاہم جید راتھ سنگھ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں سرحد پار کی شلنگ میں ایک جے سی او سمیت2اہلکار ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔وہیںایک اور اہلکا ر سنیچر کی صبح زخمی ہوا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ نوشہرہ سیکٹر میں ہفتہ کی صبح سرحد پار پاکستان سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک جوان زخمی ہوگیاجس کی شناخت 55 راشٹریہ رائفل کے سپاہی آر وی یادو کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثناء فوج کی طرف سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس دوران مارے گئے اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔