کپوارہ// سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن سیکٹر میں ہفتہ کو حد متارکہ پر دو الگ الگ زیر زمین باردوی سرنگ دھماکوںکے دوران دو اہلکار شدید طور زخمی ہوئے جن میں بعد میں ایک زخمو ں کی تاب نہ لاکر دم تو ڑ بیٹھا ۔دوہفتوں کے دوران ضلع میں اپنی نوعت کا یہ دوسرا واقعہ ہے جب زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیرن سیکٹر میں ہفتہ علی الصبح حد متارکہ کے قریب بلبیر پوسٹ پر 5/9 گورکھا رجمنٹ کے اہلکار ڈیوٹی پر تعینات تھے جس کے دوران وہ علاقہ میں گشت پر گئے اور اس دوران ایک اہلکار رائفل مین نہال گورکھ کا پیر زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور وہا ں پر زور دار دھماکہ ہو ا، جس کی وجہ سے وہ شدید طور زخمی ہوا ۔ذرائع نے بتا یا کہ زخمی اہلکار کو فوری طور فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر میں واقع فوجی اسپتال علاج و معالجہ کے لئے منتقل کیاگیا، تاہم نہال زخمو ں کی تاب نہ لاکر دم تو ڑ بیٹھا ۔اس دوران کیرن سیکٹر میں حد متارکہ کے نزدیک گوگل ڈراہ پوسٹ پر تعینات فوجی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران وہاں بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ایک اہلکار ابھشیک چتری کا پیر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا اور مذکورہ اہلکار زخمی ہوا ۔زخمی اہلکار کو فوری طور درگمولہ میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہا ں اس کا علاج و معالجہ کیا جارہا ہے۔ بتا یا جاتا ہے مذکورہ فوجی اہلکار کی حالت مستحکم ہے ۔واضح رہے دو ہفتہ قبل اسی طرح کے ایک واقع میں مژھل سیکٹر میں جٹ گلی پر ایک زیر زمین باردوی سرنگ دھماکہ کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیاتھا۔ یہ ضلع میں رواں سال میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقع ہے جب فوجی اہلکار زیر زمین بارودی سرنگ کے دھماکہ کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ۔اس دوران پاکستانی فوج نے جنگبندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سنیچر کوپونچھ ضلع میں حدمتارکہ پر ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے حد متارکہ پر صبح8بجے بھارت کی اگلی چوکیوں پر فائر کھولا۔فائرنگ کا سلسلہ پانچ منٹ تک جاری رہا۔فوجی ذرائع کے مطابقپاکستانی فوج کی اس فائرنگ سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔