سرینگر // نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن رپورٹ عوام کو آپس میں لڑانے کی ایک مذموم سازش ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ حد بندی کمیشن کا کام مکمل طورپر بھاجپا کے ایما پر ہوا ہے اور کمیشن نے بھاجپا کو فائدہ پہنچانے کے لئے رپورٹ تیار کی ۔ موصوف خط پیر پنچال اور چناب سے وابستہ پارٹی لیڈران کے ساتھ خصوصی میٹنگ کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ عوامی حمایت ، تعاون اور اشتراک سے ہی ہم بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ حدبندی کمیشن کا کام مکمل طور پر بھاجپا کی ایما پر ہوا ہے اور کمیشن نے بھاجپا اور اس کے حامیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے قوائد و ضوابط کی دھجیاں اُڑائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ رپورٹ عوام کو آپس میں لڑانے کی ایک مذموم سازش ہے اور ہم پر ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عوام کو حدبندی کمیشن کے پیچھے کے محرکات سے باخبر کرائیں۔ڈاکٹر فاروق نے خواتین کو بااختیار بنانے اور آزادی کے لئے نیشنل کانفرنس کی طرف سے برسوں کے دوران کئے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان میں قائدانہ کردار کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے ۔شرکانے کہا کہ خطہ چناب اور پیرپنچال کے لوگ 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلوں اور اس کے بعد سے جاری عوام کُش اقدامات سے جہاں پہلے ہی مایوسی کا شکار تھے وہیں حدبندی کمیشن کی رپورٹ سے انہیں زبردست تشویش میں مبتلا کردیاہے ۔